Time 23 اپریل ، 2025
دلچسپ و عجیب

10سالہ بچت کے بعد خریدی گئی 8 کروڑ سے زائد کی فراری منٹوں میں جل کر راکھ

10سالہ بچت کے بعد خریدی گئی 8 کروڑ سے زائد کی فراری منٹوں میں جل کر راکھ
جاپان میں فراری 458 اسپائیڈر کی قیمت تقریباً 43 ملین ین (تقریباً ساڑھے 8 کروڑ سے زائد پاکستانی روپے ) ہے/فوٹوٹوئٹر

کسی بھی شخص کیلئے برسوں بچت کے بعد لی گئی کوئی بھی چیز انتہائی اہم اور خاص ہوتی ہے لیکن حال ہی میں جاپانی شخص کی لی گئی کروڑوں روپے مالیت کی لگژری فراری خریدے جانے کے فوری بعد ہی جل کر راکھ ہوگئی۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق 33 سالہ جاپانی میوزک پروڈیوسر ہنکون نے فراری 458 اسپائیڈر خریدنے کیلئے ایک دہائی تک بچت کی لیکن خریدے جانے کے چند ہی منٹوں بعد یہ قیمتی گاڑی اس کی آنکھوں کے سامنے جل  کر تباہ ہوگئی۔

اس افسوسناک واقعے کا اعتراف جاپانی میوزک پروڈیوسر کی جانب سے ایکس( ٹوئٹر ) پر کیا گیا۔

ٹوئٹر پوسٹ میں جاپانی پروڈیوسر نے لکھا کہ ’میری گاڑی (فراری )  ڈیلیوری کے ایک گھنٹے بعد جل گئی، ایسا لگتا ہے میں جاپان میں واحد شخص ہوں جو ایسی پریشانی کا سامنا کر رہا ہے‘۔

10سالہ بچت کے بعد خریدی گئی 8 کروڑ سے زائد کی فراری منٹوں میں جل کر راکھ
فوٹوٹوئٹر

گاڑی کے مالک ہنکون نے اپنی پوسٹ میں بتایا کہ ’میں ٹوکیو کے  شوٹو ایکسپریس وے پر  گاڑی چلا رہا تھا جب اچانک میں نے اپنی گاڑی سے دھواں نکلتے دیکھا، میں نے  گاڑی فوراً روک دی اور کار سے باہر نکل گیا، اس کے اگلے 20 منٹ کے دوران میری گاڑی  جل کر راکھ ہو گئی،  یہاں تک کہ سڑک پر جاتی دوسری گاڑیوں نے بھی اس منظر کو دیکھنے کیلئے اپنی گاڑیاں روک دیں‘۔

 میڈیا رپورٹس کے مطابق حادثے کی وجہ جاپانی شخص کی کار کے انجن میں ڈیلیوری کے فوراً بعد آگ لگنا تھی، حادثے میں خوش قسمتی سے گاڑی کے مالک کو کوئی چوٹ نہیں آئی لیکن اس واقعے نے مالک کو ہلا کر رکھ دیا۔

10سالہ بچت کے بعد خریدی گئی 8 کروڑ سے زائد کی فراری منٹوں میں جل کر راکھ
فوٹوٹوئٹر

واضح رہے کہ جاپان میں فراری 458 اسپائیڈر کی قیمت 43 ملین ین (تقریباً ساڑھے 8 کروڑ  سے زائد پاکستانی روپے) ہے۔

مزید خبریں :