23 اپریل ، 2025
کراچی: پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں آج کاروبار کا منفی دن رہا اور 100 انڈیکس 1204 پوائنٹس کم ہوکر ایک لاکھ 17 ہزار 226 پر بند ہوا۔
امریکی صدر کی جانب سے چیئرمین فیڈرل ریزرو بینک کے سربراہ کو نہ ہٹانے اور ٹیرف پر ٹرمپ انتظامیہ کے مؤقف پر ایشیا اور یورپی منڈیوں میں مثبت رجحان رہا۔
مارکیٹ ذرائع کے مطابق پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں بھی کاروبار کا مثبت آغاز ہوا البتہ سرحد پر جاری تشویش اور آئی ایم ایف کی جانب سے پاکستانی سالانہ قومی پیداوار میں کمی کے اندازوں پر سرمایہ کاروں کے محتاط رویہ اختیار کرنے کے سبب انڈیکس ایک فیصد گرا ہے۔
بازار میں آج 60 کروڑ شیئرز کےسودے 27.76 ارب روپے میں طے ہوئے جب کہ مارکیٹ کیپٹلائزیشن 103 ارب روپے کم ہوکر 14340 ارب روپے ہے۔