Time 25 اپریل ، 2025
دنیا

روس کی جانب سے یوکرین پر داغے گئے شمالی کوریا کے میزائل سے امریکی ساختہ پرزے ملے: یوکرینی صدر

روس کی جانب سے یوکرین پر داغے گئے شمالی کوریا کے میزائل سے امریکی ساختہ پرزے ملے: یوکرینی صدر
فوٹو: فائل

کیف: یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی نے انکشاف کیا ہے کہ روس نے گزشتہ روز یوکرینی دارالحکومت کیف پر جو میزائل داغا وہ شمالی کوریا کا تھا اور اس میں درجنوں پرزے امریکی کمپنیوں کے تیار کردہ تھے۔

صدر زیلنسکی نے جمعے کے روز سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ یہ میزائل جس نے کیف میں شہریوں کو قتل کیا، اس میں کم از کم 116 پرزے بیرونی ممالک سے حاصل کیے گئے تھے  اور بدقسمتی سے ان میں سے بیشتر امریکی کمپنیوں کے بنائے ہوئے تھے۔ 

صدر زیلنسکی کے مطابق 24 اپریل کو روس کے حملے میں کیف میں 12 افراد جاں بحق اور تقریباً 90 زخمی ہوئے، جن میں سے کئی کی حالت نازک ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ میزائل حملے کے بعد سے جاری ریسکیو آپریشن آج مکمل ہوا ہے، 30 سے زائد افراد اب بھی اسپتال میں زیر علاج ہیں، جن میں سے بعض کی حالت تشویشناک ہے اور کچھ کے اعضا کاٹنے پڑے ہیں۔

ولادیمیر زیلنسکی نے کہا کہ حملے میں استعمال ہونے والے میزائل کی مکمل تحقیقات جاری ہیں، تاہم ابتدائی شواہد سے یہ بات واضح ہو چکی ہے کہ یہ بیلسٹک میزائل شمالی کوریا کا تھا۔

یوکرینی صدر نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ روس اور شمالی کوریا کے درمیان عسکری تعاون کو روکنے کے لیے فوری اور سخت اقدامات کیے جائیں۔

مزید خبریں :