26 اپریل ، 2025
بالی وڈ کے سینئر اداکار پریش راول نے انکشاف کیا ہےکہ نانا پاٹیکر نے ایک پروڈیوسر کو گھر بلاکر مٹن کھلایا اور پھر برتن بھی دھلوائے۔
پریش راول ساتھی اداکار نانا پاٹیکر کے ساتھ ویلکم، کرانتی ویر، آنچ اور کمال دمال مالامال جیسی کئی فلموں میں کام کرچکے ہیں۔
حال ہی میں دیے گئے ایک انٹرویو کے دوران پریش راول نے ناناپاٹیکر سے متعلق دعویٰ کیا کہ نانا پاٹیکر وہ پہلے اداکار تھے جنہوں نے ایک کروڑ معاوضے کا مطالبہ کیا اور انہیں یہ معاوضہ دیا بھی گیا۔
پریش راول کے مطابق’ نانا پاٹیکر پہلے آرٹسٹ ہیں جنہوں نے ایک کروڑ کا معاوضہ طلب کیا ، اس وقت فلم انڈسٹری کے ہیرو بھی اتنا معاوضہ نہیں لیتے تھے اور یہی وجہ تھی کہ انڈسٹری میں بہت شور مچا لیکن نانا پاٹیکر کو یہ معاوضہ دیا گیا‘ ۔
بھارتی اداکار کا کہنا تھا کہ ’اگر کسی آرٹسٹ کا احترام کیا جائے تو وہ صرف ایک روپے میں بھی کام کرسکتا ہے لیکن اگر وہ کسی کردار کو نبھانے سے انکار کردے تو پھر 10 کروڑ کی رقم بھی اُس کا فیصلہ تبدیل نہیں کرسکتی‘۔
دوران گفتگو پریش راول نے نانا پاٹیکر کی جانب سے ایک پروڈیوسر سے برتن دھلوانے کی کہانی بھی شیئر کی۔
پریش راول نے بتایا ’ ایک پروڈیوسر جس کا میں نام نہیں لوں گا ، نانا پاٹیکر نے اسے گھر بلایا اور اس سے پوچھا کہ تم مٹن کھاتے ہو، اس کے اقرار پر نانا پاٹیکر نے اسے مٹن کھلایا اور پھر کہا کھالیا ؟ اب جاؤ برتن دھو، یوں نانا پاٹیکر نے اس پروڈیوسر سے برتن دھلوائے، نانا پاٹیکر بالکل مختلف آدمی ہیں‘۔