Time 26 اپریل ، 2025
پاکستان

پاکستانی فضائی حدودکی بندش سے بھارتی ائیرلائنز کو شدید مالی نقصانات کا سامنا

پاکستانی فضائی حدودکی بندش سے بھارتی ائیرلائنز کو شدید مالی نقصانات کا سامنا
فوٹو: فائل

3 روز میں بھارتی فضائی کمپنیوں کے لیے پاکستان کی فضائی حدودکی بندش سے بھارتی ائیرلائنز کی 250 سے زیادہ پروازیں متاثر ہوئی ہیں، پروازوں کی غیر یقینی صورتحال کی وجہ سے بھارتی اور غیر ملکی مسافر انڈین ائیرلائنز کو چھوڑ کر دیگر ائیرلائنز کے ٹکٹ خرید رہے ہیں۔

شہری ہوا بازی کے ذرائع کے مطابق پاکستان کی فضائی حدود کی بندش کی وجہ سے بھارتی ائیرلائنز کی پروازوں کے دورانیے میں 2 سے 4 گھنٹےکا اضافہ ہو گیا ہے۔

امریکا برطانیہ اور یورپی ملکوں سمیت طویل فاصلے کے روٹس پر بھارتی ائیرلائنز کی پروازیں دو سے 10 گھنٹے تاخیر کا بھی شکار رہیں۔

ایوی ایشن ذرائع کا بتانا ہےکہ پروازوں کی غیر یقینی صورتحال کی سبب بھارتی اور غیرملکی مسافر بھارتی ائیرلائنز کو چھوڑ کر دیگر ائیرلائنز کے ٹکٹ لے رہے ہیں۔

پروازوں کے لیے اضافی ایندھن، انجینیئرنگ کے اضافی اخراجات، ائیرپورٹ پارکنگ چارجز اور  ہوٹل اخراجات کی مد میں بھی بھارتی ائیرلائنز کو اضافی اخراجات کا سامنا ہے۔

گھنٹوں تاخیر کی شکار پروازوں میں نئی دلی، ممبئی اور امرتسر سے آپریٹ ہونے والی امریکا،کینیڈا اور  برطانیہ کے لیے  پروازیں شامل ہیں۔ جرمنی،ڈنمارک،ہالینڈ اور سوئٹزرلینڈ کے لیے پروازیں بھی گھنٹوں تاخیرکا شکار ہیں۔ سعودیہ ، بحرین، مسقط، باکو، شارجہ اور دبئی کے لیے بھارتی پروازوں کو بھی فیول کے اضافی اخراجات اور اضافی وقت کا سامنا ہے۔

اخراجات میں اضافے کے علاوہ بھارتی ائیرلائنز کے عملے کو ڈیوٹی ٹائم میں اضافے اور آرام میں کمی کی مشکلات بھی کا سامناہے۔

پاکستانی فضائی حدود کی بندش سے متاثر ہونے والی ائیرلائنز میں 5 بھارتی کمرشل ائیرلائنز سمیت خصوصی اور چارٹرڈ پروازیں شامل ہیں۔

ایوی ایشن ذرائع کا کہنا ہےکہ موجودہ صورتحال میں بھارتی ائیرلائنز اپنے کرایوں میں 20 فیصد اضافہ کرسکتی ہیں۔

پاکستان کی اسٹریٹیجک لوکیشن کے باعث بھارتی ائیرلائنز کی مغرب کی جانب جانے والی پروازوں کو پاکستان کے اوپر سےگزرنا ہوتا ہے، پاکستانی فضائی حدود کے استعمال سے ایندھن اور کم فلائٹ ٹائم سے بھارتی ائیرلائنز کی بچت ہوتی ہے۔

امریکی ویب سائٹ "ائیرویز میگزین" کے مطابق 2019 میں پلوامہ حملے کے بعد جب پاکستان نے اپنی فضائی حدود بند کی تھی تو بھارتی ائیرلائنز کو 26 فروری سے 2 جولائی تک تقریباً پانچ ماہ کے دوران 540 کروڑ بھارتی روپے (تقریباً 65 ملین امریکی ڈالر) سے زائد کا نقصان ہوا تھا۔ اس مدت کے دوران صرف ائیر انڈیا کو اکیلے تقریباً 491 کروڑ بھارتی روپے (تقریباً 59 ملین امریکی ڈالر) کا نقصان ہوا۔

اسپائس جیٹ کو 30.73 کروڑ بھارتی روپے (تقریباً 3.7 ملین امریکی ڈالر) کا اور انڈیگو کو 25.1 کروڑ بھارتی روپے (تقریباً 3.0 ملین امریکی ڈالر) کا اور گو ائیر کو 2.1 کروڑ بھارتی روپے (تقریباً 260,000 امریکی ڈالر) کا نقصان ہوا۔

بھارتی اخبار "انڈین ایکسپریس" کی رپورٹ کے مطابق مجموعی نقصانات 700 کروڑ بھارتی روپے (تقریباً 84 ملین امریکی ڈالر) سے بھی زیادہ تھے۔

مزید خبریں :