27 اپریل ، 2025
بھارتی کرکٹر ویرات کوہلی اور اہلیہ اداکارہ انوشکا شرما کے بھارت چھوڑنے کی وجہ سامنے آ گئی۔
نامور اداکارہ مادھوری ڈکشت کے شوہر ڈاکٹر شری رام نینے نے حال ہی میں انکشاف کرتے ہوئے بتایا کہ سپر اسٹار جوڑی کوہلی اور انوشکا نے اپنی زندگی کا بڑا فیصلہ کر لیا ہے، وہ بھارت چھوڑ کر لندن منتقل ہو جائیں گے۔
گزشتہ ایک سال سے ویرات اور انوشکا کے بھارت چھوڑنے کی قیاس آرائیاں جاری تھیں اور اب ڈاکٹر نینے نے یوٹیوب پر جاری کردہ ویڈیو میں انوشکا سے ہونے والی ایک ذاتی گفتگو کا حوالہ دیتے ہوئے اس فیصلے کی ممکنہ وجوہات بیان کی ہیں۔
ڈاکٹر نینے نے کہا کہ ہم نے انوشکا سے ملاقات کی تھی، انہوں نے بتایا کہ وہ اس لیے لندن منتقل ہونے کا سوچ رہے ہیں کیونکہ بھارت میں وہ اپنی کامیابی کا سکون سے لطف نہیں اٹھا سکتے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ویرات اور انوشکا دونوں نہایت شریف اور عام انسانوں کی طرح ہیں، لیکن ان کی ہر حرکت پر توجہ دی جاتی ہے، کسی ریسٹورنٹ میں کھانے کے دوران بھی سیلفی لینے کے لیے لوگ آ جاتے ہیں، اگرچہ یہ برا رویہ نہیں ہوتا مگر ایک حد کے بعد یہ مداخلت بن جاتی ہے۔
ڈاکٹر نینے نے مزید کہا کہ جوڑی چاہتی ہے کہ وہ اپنے بچوں کو ایک عام اور پُر سکون ماحول میں پروان چڑھائیں، اس لیے انہوں نے لندن جیسے شہر کو منتخب کیا ہے۔
واضح رہے کہ ویرات کوہلی اس وقت آئی پی ایل 2025 میں رائل چیلنجرز بنگلور کی نمائندگی کر رہے ہیں اور اپنی شاندار کارکردگی سے مداحوں اور ماہرین دونوں کی داد وصول کر رہے ہیں۔