Time 27 اپریل ، 2025
پاکستان

مشترکہ مفادات کونسل میں کینال کا مسئلہ حل نہ ہوا تو حکومت سے الگ ہوجائیں گے: ناصر شاہ

مشترکہ مفادات کونسل میں کینال کا مسئلہ حل نہ ہوا تو حکومت سے الگ ہوجائیں گے: ناصر شاہ
فوٹو: فائل

کراچی: پیپلز پارٹی کے رہنما اور صوبائی وزیر توانائی ناصر حسین شاہ نےکہا ہےکہ اگر مشترکہ مفادات کونسل (سی سی آئی) کے اجلاس میں کینال والا مسئلہ حل نہ ہوا تو ہم حکومت سے علیحدہ ہوجائیں گے۔

پاکستان پیپلزپارٹی کا وفد صوبائی وزیر توانائی ناصر حسین شاہ کی قیادت میں ایم کیو ایم پاکستان کے بہادرآباد مرکز پہنچا۔

پیپلزپارٹی کے وفد میں وقار مہدی، سعید غنی اور دیگر بھی شامل تھے۔ پیپلزپارٹی کے وفد کی ایم کیو ایم پاکستان کے سینیئر رہنما ڈاکٹر فاروق ستار ،امین الحق اور دیگر سے ملاقات ہوئی، ملاقات میں پیپلزپارٹی کے رہنماؤں نے سینیٹ کی خالی نشست پر ہونے والے انتخاب سے ایم کیو ایم پاکستان سے دستبردار ہونے کی درخواست کی۔ 

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ مرکزی کمیٹی کی مشاورت کے بعد پیپلزپارٹی کی درخواست پر فیصلہ کرکے آگاہ کیا جائےگا۔ فاروق ستار کا کہنا تھا کہ ملاقات میں بلدیاتی نظام کے مجوزہ بل پر بھی پیپلزپارٹی وفد سے بات چیت ہوئی۔

 صوبائی وزیر ناصرحسین شاہ کا کہنا تھا کہ  اگر سی سی آئی اجلاس میں نہروں کا مسئلہ حل نہ ہوا تو پیپلزپارٹی حکومت سے علیحدہ ہوجائے گی۔ انہیں پورا یقین ہےکہ وزیراعظم شہباز شریف ، صدر زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے درمیان ہونے والا فیصلہ حتمی ہے۔

ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ کینال کے معاملے پر سندھ کے تمام لوگ ایک پیج پر ہیں اور ایم کیو ایم نے بھی سندھ اور قومی اسمبلی میں کینال کے معاملے پر پیپلزپارٹی کو بھرپور سپورٹ کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ انہیں پتہ ہےکہ اگر  پیپلزپارٹی حکومت سے علیحدہ ہوئی تو یہ حکومت نہیں چل پائی گی، اس لیے انہیں امید ہےکہ کینال کے معاملے حکومت اپنا وعدہ پورا کرے گی۔

مزید خبریں :