28 اپریل ، 2025
کینیڈا میں آج ہونے والے عام انتخابات میں سرکاری نوکری کرنے والے ایک پاکستانی نژاد امیدوار رانا اسلم بھی حصہ لے رہے ہیں۔
کینیڈا میں آج عام انتخابات ہونے جارہے ہیں اور انتخابات میں حصہ لینے والے ایک منفرد پاکستانی نژاد امیدوار رانا اسلم کی ایک دلچسپ حقیقت یہ ہے کہ وہ اسی ہملٹن شہر میں انجینئر کے طور پر سرکاری ملازم بھی ہیں اور چھٹی لے کر قوائد کے مطابق الیکشن لڑ رہے ہیں۔
رانا اسلم کا کہنا ہے کہ ہ وہ اپنی سرکاری نوکری سے ایک دن کی چھٹی لے کر انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں، اگر وہ جیت گئے تو ملازمت کو خیرباد کہیں گے نہیں تو اگلے دن نوکری پر واپس چلے جائیں گے۔
کینیڈا کے شہر ہملٹن کے حلقہ انتخاب سے لبرل پارٹی آف کینیڈا کے ٹکٹ یافتہ پاکستانی نژاد امیدوار رانا اسلم کی حمایت کے لیے لبرل پارٹی کے قائد مارک کارتی دو مرتبہ ہملٹن کا دورہ کر چکے ہیں۔
پاکستان میں اپنے آبائی شہر ملتان سے نقل مکانی کرکے 2003 میں کینیڈین شہر ہملٹن میں آباد ہونے والے رانا اسلم نے 2010 میں لبرل پارٹی کی ممبرشپ حاصل کی اور مختلف پارٹی عہدوں پر فائز رہنے کے علاوہ کینیڈا میں ایک بار پھر طالب علم بن کر اپنی تعلیم مکمل کرتے ہوئے فیملی کی ذمہ داریاں بھی ادا کی ہیں، وہ اب ہملٹن کے نسبتاً غریب اور مسائل کے شکار حلقے سے انتخاب لڑ رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ان کے حلقے میں پاکستانی کینیڈین ووٹرز کی تعداد برائے نام ہے لیکن انہیں اپنے انتہائی مخلص پاکستانی دوستوں کا انتہائی سرگرم تعاون اور حمایت حاصل ہے اور دیگر اقلیتوں نے بھی ان کی حمایت کا یقین دلایا ہے۔