28 اپریل ، 2025
لاہور قلندرز کے فاسٹ بولر حارث رؤف کا کہنا ہے کہ انٹر نیشنل کرکٹ کونسل کے سامنے 25 اوورز کے بعد ایک گیندکے استعمال کی جو تجویز آئی ہے وہ فاسٹ بولرز کے لیے بڑی فائدہ مند ہے۔
لاہور میں جیو نیوز سےگفتگو کرتے ہو ئے پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیڈنگ فاسٹ بولرز میں شامل حارث رؤف نےکہا کہ ون ڈے کرکٹ میں 25 اوورز کے بعد ایک ہی گیند کے استعمال کی تجویز اچھی ہے، 25 اوورز کے بعد گیند پرانا ہونے سے بولروں کو مدد ملےگی جیسا کہ ماضی میں ہوتا تھا، ماضی میں 25 اوورز پرانی گیند سے رنز کرنا مشکل ہوتا تھا اب تو گیند پرانی ہوتی نہیں ہر کوئی 400 پلس رنز کا بھی سوچنے لگا ہے، ایسے میں آئی سی سی 25 اوورز کے بعد ایک ہی گیند کا سوچ رہی ہے تو یہ اچھی بات ہے، پرانی گیند ہونے سے ریورس سوئنگ ہو گی اور بولروں کو مدد ملےگی۔
حارث روف نے فاسٹ بولرز سے اسپائکس بھی اتروانے کا کیوں کہا ؟
حارث رؤف کا کہنا ہے کہ میں اس بات کی فکر نہیں کرتا کہ رنز پڑنے پر لوگ تنقید کرتے ہیں کیونکہ ہمارے ہاں ایسا لگتا ہے کہ جیسے پاکستان کے بولروں کے خلاف ہی رنز بنتے ہیں، دنیا بھر میں دیکھیں ، فاسٹ بولرز کو جد و جہد کرنا پڑتی ہے جس طرح کی باؤنڈریز ہیں اور جس طرح کی ہائی اسکورنگ گیمز کی ڈیمانڈ ہے رنز تو پڑیں گے، فینز اور براڈ کاسٹرز بھی لمبا میچ چاہتے ہیں، فاسٹ بولرز کے صرف اسپائیکس رہ گئے ہیں وہ بھی اتار دیں۔
انہوں نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی میں آپ کا دن ہوتا ہے، اگر آپ کا دن اچھا ہے تو پھر سب ٹھیک ہے بعض اوقات آپ اچھی بولنگ کر رہے ہو تے ہیں لیکن آپ کو رنز پڑ جاتے ہیں، مجھے اپنی اسکلز پر کبھی شک نہیں ہوا ، ٹی ٹوئنٹی میں اگر ایک دن اچھا ہے تو دو تین دن برے آئیں گے ہی، جب آپ کو مار پڑ رہی ہو تو ایسی صورتحال سے آپ کو خود ہی نکلنا ہے۔
شاہین آفریدی اور حارث رؤف کا ٹارگٹ کیا ہے؟
فاسٹ بولر حارث رؤف نے کہا کہ شاہین آفریدی اور میں جس طرح آپس میں جڑے ہوئے ہیں اس کی مثال کم ملتی ہے، ہم نے ایک ساتھ بہت زیادہ کرکٹ کھیلی ہے، ہماری کمیونیکیشن اچھی ہو چکی ہے، ہمیں ایک دوسرے پر اعتماد ہے، ایشیا کپ اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ پر فوکس ہے، ہمارامائنڈ سیٹ ایک ہی ہےکہ پاکستان ٹیم کے لیے بہترین دینا ہے۔
کیا پی ایس ایل 10 میں حارث رؤف اپنی کارکردگی سے مطمئن ہیں؟
حارث رؤف کا کہنا ہےکہ پی ایس ایل 10 میں ٹیم کی کارکردگی ابھی بہت اچھی جا رہی ہے، تمام کھلاڑی توقع کے مطابق ہر مرحلے میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں لیکن انفرادی طور پر میں اپنی کارکردگی سے مطمئن نہیں ہوں، میں اب تک ٹیم کی توقعات پر پورا نہیں اتر پا رہا، میں خود کو بیک کر رہا ہوں، مجھے اپنی اسکلز پر یقین ہے، آنے والے میچز میں توقعات پر پورا اترنے کی کوشش کروں گا۔
کیا حارث رؤف کو میچ سے پہلے ہی پچ کا اندازہ ہو جاتا ہے؟
حارث رؤف کا ما ننا ہے کہ لاہور قلندرز کے لیے آنے والے تمام میچز بڑے اہم ہیں، ملتان سلطانز کے خلاف جس طرح ہدف کا تعاقب کیا اس سے اعتماد ملا، عموماً ہم پہلے بیٹنگ کرتے ہیں اور پھر بولنگ کرتے ہیں لیکن یہ ہدف کا تعاقب ہمارے لیے اچھا رہا۔ انہوں نے کہا کہ میں میچ سے پہلے پچز پر یقین نہیں رکھتا، پہلا اوور پھینکے جانے کے بعد پچ کا پتہ چلتا ہے، پچ لگ گرین رہا تھا لیکن مجھے تھا کہ یہ جیسے دکھائی دے رہی ہے ویسی نہیں اور ایسا ہی ہوا، آپ کو کنڈیشنز کے مطابق کھیلنا پڑتا ہے، باؤنڈریز شارٹ ہیں، آئندہ بھی ہائی اسکورنگ میچز ہوں گے۔