Time 28 اپریل ، 2025
پاکستان

بھارت کیلئے اپنے اندرونی چیلنجز کا سامنا کرنےکے بجائے پاکستان پر الزام لگانا آسان ہے: بلاول

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ  بھارت کے لیے پاکستان پر الزام لگانا آسان ہے، بجائے اس کےکہ وہ اپنے اندرونی سنگین چیلنجز کا سامنا کرے، ہم نے بارہا بات چیت کی کوشش کی لیکن بھارت بات نہیں کرتا۔

غیرملکی میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں بلاول کا کہنا تھا کہ پاکستان دہشت گردی کے خاتمے کے سوا کچھ نہیں چاہتا، نہ صرف پاکستان سے بلکہ پورے خطے سے، بھارت نہ صرف پاکستان پر الزامات عائد کر رہا ہے بلکہ کشمیری عوام پر بھی  اور جس طرح وہاں عام لوگوں اور اُن کے رشتہ داروں کے گھروں کو تباہ کیا جا رہا ہے، کشمیری عوام کو اجتماعی سزا دی جا رہی ہے، وہ بھی باعثِ تشویش ہے۔ 

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان کشیدگی عروج پر پہنچ چکی ہے کیونکہ جب بھی بھارت کے زیرِ قبضہ کشمیر یا بھارت میں کوئی دہشت گرد حملہ ہوتا ہے، بھارتی حکومت فوراً نہ صرف پاکستان پر الزام لگاتی ہے بلکہ جارحانہ اقدامات بھی کرتی ہے۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پاکستان کو مقبوضہ کشمیر تک رسائی حاصل نہیں ہے، جو دنیا کا سب سے زیادہ فوجی علاقہ ہے، لیکن پھر بھی پاکستان نے کسی بھی غیر جانبدارانہ  تحقیقات میں شامل ہونے کی پیشکش کی ہے تاکہ سچ سامنے آئے۔ 

مزید خبریں :