Time 01 مئی ، 2025
پاکستان

ملک کے مختلف علاقوں میں تیز آندھی کے ساتھ موسلادھار بارش،گرمی کا زور ٹوٹ گیا

ملک کے مختلف علاقوں میں تیز آندھی کے ساتھ موسلا دھار بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔

اسلام آباد، خیبرپختونخوا،پنجاب اور آزاد کشمیر کے مختلف شہروں میں موسلادھار بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا۔

اسلام آباد میں کالی گھٹاؤں کےساتھ موسلادھار بارش ہوئی اور  دن میں رات کا سماں ہوگیا۔

ریسکیو حکام کے مطابق اسلام آباد کے جی 12مہرہ آبادی میں طوفان کے باعث شٹرنگ گرنے سے کام کرنے والے 2 مزدور جاں بحق اور 2 افراد زخمی ہوگئے۔

راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں بھی تیز آندھی کے ساتھ بارش ہوئی۔ لاہور، جہلم، میانوالی اور گجرات سمیت مختلف علاقوں میں تیز بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔

لاہور میں آندھی اور بارش کے باعث لاہور قلندرز اورکوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا میچ ختم کردیا گیا۔

سرگودھا کے مختلف علاقوں میں تیز گرد آلود ہوائیں چلنے سے بجلی کا نظام درہم درہم ہوگیا۔بارش کے باعث مکان کی چھت گرنے سے ایک شخص جاں بحق اور 5 سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔

آزادکشمیر میں مظفرآباد، میرپور ،سماہنی، باغ اور کوٹلی سمیت مختلف شہروں میں کالی گھٹائیں چھانے کے بعد موسلادھار بارش ہوئی۔

ایبٹ آباد میں بھی دن میں اندھیرا چھا گیا، بادل جم کر برسے۔ مانسہرہ، ہنگو اور بنوں سمیت خیبر پختونخوا کے دیگر شہروں میں بھی موسلا دھار بارش ہوئی۔

 مختلف شہروں میں تیز ہواؤں اور بارش سے بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔ 

موسم کی خرابی کے باعث فلائٹ آپریشن شدید متاثر ہوا ہے اور 8 پروازوں کو متبادل لینڈنگ کرانا پڑا جب کہ 11 ملکی اور غیر ملکی پروازیں مقررہ وقت پر روانہ نہ ہوسکیں۔

سندھ  اور بلوچستان میں آج دن میں شدید گرمی رہی ۔ سبی ، نوابشاہ ، لاڑکانہ  اور سکھر میں درجہ حرارت 48 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ بہاولپور میں 46،ملتان میں 44  اورکراچی اور لاہور میں 39 ڈگری نوٹ کیا گیا۔

مزید خبریں :