05 مئی ، 2025
اسلام آباد: بھارت نے مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام کے سیاحتی مقام پر ہونے والے فالس فلیگ حملے کو جواز بنا کر ورلڈ بینک کی ثالثی میں ہونے والے سندھ طاس معاہدے کو یکطرفہ طور پر معطل کیا۔
ذرائع کے مطابق بھارت کی طرف سے سندھ طاس معاہدے کو ’ہیلڈ ان ابیینس’ کیا گیا ہے، عالمی قوانین میں دو طرفہ معاہدوں کیلئے’ہیلڈ ان ابیینس’ کا لفظ استعمال نہیں ہوتا۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ سندھ طاس معاہدے میں بھی ایسا کوئی لفظ موجود نہیں ہے، سندھ طاس معاہدے میں ’ ٹرمینیشن’ کا لفظ استعمال ہوا ہے، یہ’ ٹرمینیشن’ بھی باہمی رضامندی سے ہو سکتی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارتی سیکرٹری آبی امور کے خط میں’ہیلڈ ان ابیینس’ کا لفظ استعمال ہوا ہے تاہم پاکستان کی نظر میں سندھ طاس معاہدہ قائم ہے، اس معاملے پر مقامی اور عالمی قانونی ماہرین سے بھی بات ہوئی ہے۔
پاکستانی حکام کا کہنا ہے معاہدے کی موجودگی میں بھارت کی طرف سے پاکستان کا پانی کم کیا جا رہا ہے، صورتحال کو مانیٹر کر رہے ہیں، بھارت کی معاہدے کی خلاف ورزی کا معاملہ جلد عالمی بینک کے ذریعے متعلقہ فورمز پر اٹھائیں گے، معاہدے کی خلاف ورزی کا معاملہ اٹھانے کے لیے فورم نیوٹرل ایکسپرٹ اور ثالثی عدالت ہیں۔
یاد رہے کہ بھارت نے پہلگام فالس فلیگ آپریشن کی آڑ میں سندھ طاس معاہدہ معطل کر کے پاکستان کے خلاف آبی دہشت گردی کا جنگی اقدام اٹھایا۔ پاکستان نے بھارت کی جانب سے یکطرفہ طور پر سندھ طاس معاہدے کی معطلی کا معاملہ اقوام متحدہ کے فورم پر اجاگر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ پاکستان نے تمام تر صورتحال سے سلامتی کونسل کو بھی آگاہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔