08 مئی ، 2025
چین میں ایک 51 سالہ شخص کو بہت زیادہ سراہا جا رہا ہے کیونکہ وہ اپنی معمر معذور ماں کو کمر پر لاد کر مختلف علاقوں کا سفر کر رہا ہے۔
شائے وانبین نامی شخص کا تعلق صوبہ سیچوان سے ہے اور وہ روایتی چینی پٹی کو استعمال کرکے اپنی معذور ماں کے ساتھ سفر کر رہا ہے۔
ان دونوں نے Chengdu کے تاریخی قصبے Huanglongxi کا دورہ گزشتہ دنوں کیا۔
اس موقع پر شائے وانبین نے بتایا کہ ان کی والدہ ایک حادثے کے باعث 4 سال سے وہیل چیئر تک محدود ہیں اور جب سے وہ انہیں اکثر سیاحت کے لیے ساتھ لے جاتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ وہ ان دوروں کے دوران وہیل چیئر اور پٹی دونوں کو استعمال کرتے ہیں کیونکہ کئی بار راستے ایسے ہوتے ہیں جہاں وہیل چیئر کے ساتھ سفر کرنا بہت مشکل ہوتا ہے۔
ایک خاتون سیاح نے دونوں کی تصاویر اور ویڈیوز چینی سوشل میڈیا پر شیئر کی تھی۔
خاتون کے مطابق وہ شائے اور ان کی والدہ کو نہیں جانتیں مگر وہ شائے وانبین کے رویے سے بہت زیادہ متاثر ہوئی تھیں۔
انہوں نے کہا کہ 'یہ شخص ماں سے بہت زیادہ مخلص لگتا ہے، مجھے یقین ہے کہ یہ پہلی بار نہیں جب وہ اپنی ماں کو کمر پر لاد کر سفر کر رہا ہے'۔
خاتون کے مطابق 'میں نے ویڈیوز اس لیے انٹرنیٹ پر جاری کیں کیونکہ میں اس شخص کی محبت کو پھیلانا چاہتی تھی'۔
شائے وانبین کے مطابق 'والدہ کو کمر پر لاد کر چلنا ایک بیٹے کا فرض ہے اور ایسا کوئی خاص کام نہیں'۔
انہوں نے کہا کہ وہ جس پٹی کو استعمال کرتے ہیں یہ وہی ہے جو ان کی والدہ کچھ سال قبل اپنے پوتے پوتی کو لاد کر چلنے کے لیے استعمال کرتی تھیں۔
شائے وانبین نے بتایا کہ ماں کو لاد کر سفر کرنے کے باعث انہیں کمر میں تکلیف کا سامنا ہوتا ہے جس کا علاج انہوں نے کچھ ماہ پہلے کرایا تھا جبکہ کئی بار وہ بہت زیادہ تھک جاتے ہیں۔
مگر انہوں نے کہا کہ 'اگر ممکن ہوا تو میں اپنی ماں کو بہت زیادہ دور دراز کے علاقوں میں لے کر جاؤں گا اور زیادہ سے زیادہ دنیا دیکھوں گا'۔