13 مئی ، 2025
پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کے اثرات ایک مرتبہ پھر فلمی صنعت کو بھی متاثر کرنے لگے ہیں۔
پاکستانی فنکاروں کے خلاف بھارتی حکومت کے اقدامات کا سلسلہ اس وقت شروع ہوا جب پاکستانی فنکاروں نے بھارت کی جانب سے پاکستان پر بزدلانہ حملے کی شدید مذمت کی۔
اس کے بعد بھارت میں پہلے پاکستانی اداکاروں کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر پابندی لگائی گئی، وہیں اب میوزک کمپنیوں نے بھی بھارتی فلموں کے البمز سے پاکستانی اداکاروں کی تصویریں ہٹانا شروع کردی ہیں۔
پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان اور ماورا حسین کو بالی وڈ فلم’ رئیس‘ اور ’صنم تیری قسم‘کے میوزک البم سے ہٹا دیا گیا ہے۔
بالی وڈ فلم ’صنم تیری قسم‘ کے کور پر پیج پر تبدیلی کرکے ماورا حسین کو ہٹادیا گیا ہے جس کے بعد کور پیج اب صرف ہرش وردھن رانے شامل ہیں۔
اس حوالے سے جب ’ صنم تیری قسم ‘ کے پروڈیوسر دیپیک مکوت سے سوال کیا گیا تو انہوں نے لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ’ مجھ سے نہیں پوچھا گیا ، ہماری حکومت جو کہے گی وہ سب کو تسلیم کرنا پڑیگا‘۔
دوسری جانب شاہ رخ خان اور ماہرہ خان کی فلم ’رئیس‘ کے اسپاٹیفائی یوٹیوب میوزک البم سے بھی ماہرہ کو سے ہٹا دیا گیا ہے جہاں اب صرف شاہ رخ خان نظر آرہے ہیں۔
حیرت کی بات یہ ہے کہ سونم کپور اور فواد خان کی فلم ’خوبصورت‘ کے البم میں فی الحال کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔