Time 13 مئی ، 2025
پاکستان

پاکستان کا بھارتی سفارتی اہلکارکو ناپسندیدہ شخصیت قرار دیکر ملک چھوڑنےکا حکم

اسلام آباد: پاکستان نے  بھارتی ہائی کمیشن کے ایک اہلکار کو ناپسندیدہ شخصیت  قرار دیتے ہوئے 24 گھنٹوں میں پاکستان چھوڑنےکی ہدایت کردی۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بھارتی اہلکار سفارتی حیثیت کے منافی سرگرمیوں میں ملوث پایا گیا۔ متعلقہ بھارتی اہلکار کو 24 گھنٹوں میں پاکستان چھوڑنےکی ہدایت کی گئی ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہےکہ دفتر خارجہ نے بھارتی ناظم الامور کو طلب کرکے فیصلے سے آگاہ کر دیا۔

خیال رہے کہ اس سے قبل بھارتی حکومت نے پاکستانی ہائی کمیشن نئی دہلی کے ایک اہلکار کو نا پسندیدہ شخصیت قرار دیتے ہوئے 24 گھنٹے میں بھارت چھوڑنے کا حکم دیا تھا۔

بھارتی وزارت خارجہ کے مطابق پاکستانی ناظم الامور کو اس حوالے سے ڈی مارش کیا گیا ہے

دوسری جانب بھارتی میڈیا نے بھارتی پنجاب میں دو افراد کو مبینہ طور پر پاکستان کے لیے جاسوسی کے الزام میں گرفتار کرنےکا دعویٰ کیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق دونوں افراد پر پاکستانی ہائی کمیشن کے ایک اہلکار کے لیے جاسوسی کا الزام ہے۔ ایک ملزم پر بھارتی فوج کی نقل و حرکت کی معلومات لیک کرنے کا الزام ہے۔

بھارتی میڈیا نے بتایاکہ جاسوسی کے الزام میں گرفتار دو افراد میں ایک خاتون بھی شامل ہے۔

مزید خبریں :