14 مئی ، 2025
190 ملین پاؤنڈکیس میں سزا یافتہ بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہیلہ بشریٰ بی بی کی سزا معطلی کی درخواستیں اسلام آباد ہائی کورٹ میں سماعت کے لیے مقرر کردی گئیں۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے قائم مقام چیف جسٹس سردار سرفراز ڈوگر کی سربراہی میں ڈویژن بینچ کل سماعت کرے گا۔
بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی نے 190 ملین پاؤنڈکیس میں احتساب عدالت کی جانب سے سنائی گئی سزاؤں کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں اپیلیں اور سزا معطلی کی درخواستیں دائر کر رکھی ہیں۔
رجسٹرار آفس نے رپورٹ دی تھی کہ سزا یافتہ مجرموں کی اپیلیں نمبر آنے پر اپنی باری پر مقرر ہوں گی۔
بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی نے سزا معطل کرکے ضمانت پر رہا کرنےکی درخواستیں بھی دائر کی تھیں جنہیں رجسٹرار آفس کے اعتراضات ختم ہونے پر کل سماعت کے لیے مقرر کر دیا گیا ہے۔
عدالت نےگزشتہ سماعت پر آفس اعتراضات دور کرتے ہوئے رجسٹرار آفس کو ڈائری نمبر لگا کر سماعت کے لیے فکس کرنے کی ہدایات جاری کی تھیں۔
قائم مقام چیف جسٹس سردار سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد آصف پر مشتمل 2 رکنی ڈویژن بینچ کل سماعت کرےگا۔
واضح رہے کہ احتساب عدالت اسلام آباد نے رواں سال 17 جنوری کو بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو 190 ملین پاؤنڈکیس میں سزا سنائی تھی۔