15 مئی ، 2025
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو ایک عظیم اور بے مثال شخصیت قرار دے دیا۔
سعودی عرب کے دورے پر دارالحکومت ریاض میں تقریب سے خطاب میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ وہ شہزادہ محمد بن سلمان کو بہت پسند کرتے ہیں، محمد بن سلمان اپنے لوگوں کی بہترین نمائندگی کرتے ہیں ،وہ سخت محنت کرتے ہیں۔
ٹرمپ نے کہا کہ ایسا لگتا نہیں کہ شہزادہ محمد بن سلمان رات کو سوتے ہوں گے، وہ رات میں بھی صرف اپنے ملک کی ترقی کے بارے میں سوچتے ہوں گے ، سعودی عرب کو ترقی یافتہ اور مستحکم بنانے میں شہزادہ محمد بن سلمان کا بڑا کردار ہے۔
امریکی صدر کا کہنا تھا کہ وہ جو کچھ بھی کر رہے ہیں وہ شہزادہ محمد بن سلمان کے لیے ہے۔
امریکی صدر نے فٹ بال ورلڈ کپ کی میزبانی پر بھی سعودی ولی عہد کو سراہا اور فیفا کے صدر کی بھی تعریف کی۔
واضح رہے کہ منگل کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دورہ سعودی عرب میں امریکا اور سعودی عرب کے درمیان 142 ارب ڈالر کے دفاعی معاہدوں پر دستخط ہوئے۔
وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ دفاعی معاہدہ 6 سو ارب ڈالر کے سعودی سرمایہ کاری وعدے کا حصہ ہے۔
دفاعی معاہدوں میں جی ای گیس ٹربائنز کی برآمدات، توانائی کے شعبے میں 14 ارب 20 کروڑ ڈالر کا معاہدہ اور 4 ارب 80 کروڑ ڈالر کے 737 بوئنگ طیاروں کا معاہدہ بھی شامل ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سعودی عرب پر اسرائیل کو تسلیم کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب کا اسرائیل کو تسلیم کرنا ان کی عزت افزائی ہوگی۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ان کی امید ،خواہش اور خواب ہے کہ سعودی عرب جلد اسرائیل سے تعلقات بحال کرے اور معاہدہ ابراہیمی کا حصہ بنے۔