15 مئی ، 2025
چین نے بھارتی ریاست اروناچل پردیش کے مختلف مقامات کے نام تبدیل کرکے ان کے چائنیز نام رکھ دیے۔
چین کی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ زنگنان (اروناچل پردیش) تاریخی، جغرافیائی اور انتظامی اعتبار سے چین کا حصہ ہے جب کہ ناموں کی تبدیلی چین کے خودمختار انتظامی دائرہ اختیار کے تحت کی گئی ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ان مقامات کو چینی نام دینا چین کا داخلی معاملہ ہے، ایسا کرنے کا مقصد خطے میں تاریخی اور ثقافتی شناخت کو اجاگر کرنا ہے۔
اس سے قبل بھی گزشتہ سال اپریل میں چین نے اروناچل پردیش کے 30 مقامات کے چائنیز نام رکھے تھے۔
دوسری جانب بھارت نے چینی اقدام کو مسترد کر دیا ہے۔
بھارت زنگنان کو اروناچل پردیش کے نام سے اپنا حصہ قرار دیتا ہے اور چین اسے جنوبی تبت کا علاقہ تصور کرتا ہے۔
دونوں ممالک کے درمیان اس مسئلے پر کشیدگی پائی جاتی ہے اور وہاں 2020 میں دونوں ممالک کے درمیان فوجی جھڑپیں بھی ہوئی تھیں۔