16 مئی ، 2025
پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ خدشہ ہے بھارت کے منفی طرز عمل کی وجہ سے سیز فائر جاری نہیں رہے گا جو نہ صرف اِس خطے بلکہ پوری دنیا کیلئے خطرناک ہوگا۔
جیو نیوزکے پروگرام کیپٹل ٹاک میں گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ بھارت کے ساتھ حالیہ کشیدگی میں پاکستان کو نہ صرف عسکری سطح پر بلکہ سفارتی سطح پر بھی بہت بڑی فتح حاصل ہوئی۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان نے اس پورے عمل میں ظاہر کیا کہ ہم جنگ نہیں چاہتے، پاکستان نے ثابت کیا کہ جنگ نہیں چاہتے لیکن اپنی دفاع کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ مذاکرات میں مسئلہ کشمیر بھی شامل ہے جو پاکستان کی بڑی کامیابی ہے ، بھارت کا مؤقف تھا کہ مقبوضہ کشمیر ان کا اندروانی مسئلہ ہے ، بیانیہ کے لحاظ سے پاکستان کو بہت زیادہ کامیابیاں ملیں۔
بلاول نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ سیز فائر قائم رہے اور یہ امن کی بنیاد بنے ، ہم چاہتے ہیں کہ مسئلہ کشمیر سمیت تمام تنازعات مذاکرات سے حل کریں، عوامی بیانات اپنی جگہ ، اس وقت پاکستان اور بھارت میں سیز فائر موجود ہے البتہ ہمیں خطرہ محسوس ہو رہا ہے کہ بھارت کی طرف سے یہ سیز فائر جاری نہ رہے۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے پہلے دن کہا ہے کہ پہلگام واقعہ پر غیرجانبدار تحقیقات کے لیے تیار ہیں، ہمارے ہاں بھی دہشتگردی کے واقعات ہوئے ہیں جن کا الزام بھارت پر ہے ،بھارت نے دریائے سندھ پر حملہ کیا ہے، ماضی میں کبھی پانی کو ایسے ہتھیار نہیں بنایا گیا، یقین ہے کہ مذاکرات میں سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی پر بھی بات ہوگی۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے مزید کہا کہ موجودہ صورتحال میں چین، ترکیے، سعودی عرب کا کردار فراموش نہیں کیا جاسکتا، بھارت تو کہتا تھا کہ پاکستان سے بات چیت نہیں کرنی، آج بھارت مذاکرات پر تیار ہے تو یہ پاکستان کی کامیابی ہے ۔