17 مئی ، 2025
سینئر صحافی اور تجزیہ کار حامد میر نے کہا ہے کہ بھارتی حکومت پر بہت زیادہ دباؤ بڑھ رہا ہے اور مودی کوئی بھی ایڈونچر کرسکتے ہیں۔
جیو نیوز کے پروگرام ’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘میں بات کرتے ہوئے حامد میر نے کہا کہ مودی اپنی ٹریجڈی کو ساؤتھ ایشیا کی گریٹ ٹریجڈی میں تبدیل کرسکتے ہیں اس لیے ہمیں ہوشیار رہنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت پر بہت زیادہ دباؤ بڑھ رہا ہے اور مودی کوئی بھی ایڈونچر کرسکتے ہیں۔
دوسری جانب میزبان شاہزیب خانزادہ نے تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ امریکی صدر ٹرمپ کا غیر معمولی دورہ مشرق وسطیٰ اور شام پر عائد پابندیاں ہٹانےکا اعلان، اس سب سے اسرائیل ناخوش ہے۔
انہوں نےکہا کہ بھارت، چین، ترکیہ اور آذربائیجان پر سوال اٹھا رہا ہے، ترکیہ اور آذربائیجان کے بائیکاٹ کا اعلان کر رہا ہے، اس سب کے درمیان جب یہ خبر آئی کہ امریکا نے ترکیہ کو 300ملین ڈالرز کے میزائل فراہم کرنے کی منظوری دے دی ہے تو بھارتی میڈیا اور بی جے پی رہنماؤں کو آگ لگ گئی۔
شاہزیب خانزادہ کا کہنا تھا کہ کانگریس نے مودی کو یاد دلایا کہ ٹرمپ کو اپنا دوست کہتے تھے، بھارتی میڈیا پر غداری کے فتوے اس بات پر بانٹے جارہے ہیں کہ بھارت میں کون آخری دفعہ چھٹیاں منانے ترکیہ گیا تھا، کس سیاسی جماعت کا دفتر ترکیہ میں ہے، کس بالی وڈ اداکار نے ترکیہ میں فلم بنائی اور وہ کیوں صدر اردوان سے ملا۔