17 مئی ، 2025
سیالکوٹ: وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے بھارت ہم پر حملے کے لیے بڑے بڑے جہاز لے کر آیا جنہیں ہماری افواج نے پتنگوں کی طرح کاٹ کر رکھ دیا۔
اپنی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے خواجہ آصف کا کہنا تھا میں طالبات کا شکر گزار ہوں کہ اظہار یکجہتی کے لیے میری رہائش گاہ پر پہنچیں، میرے لیے یہ جذباتی لمحات ہیں بچوں کا اپنے وطن سے محبت کا انداز منفرد ہے۔
ان کا کہنا تھا 10 مئی کی رات ہماری تاریخ میں فیصلہ کن موڑ آیا، تینوں افواج کے سربراہوں اورپاک فوج کے جوانوں کو مبارک باد پیش کرتا ہوں، وزیراعظم شہباز شریف نے ہر لمحے قوم کی قیادت کی۔
انہوں نے کہا کہ ملک کے دفاع کیلئے جس حد تک بھی جانا پڑا حکومت اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، قومی وحدت میں جو دراڑیں نظر آتی تھی وہ اتحاد میں بدل چکی ہیں۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا ہم نے بھارت کو مشرقی سرحدوں پر شکست دی ہے، اللہ کے کرم سے جو مشرقی سرحد پر فتح ہوئی اس سے بڑھ کر مغربی محاذ پر کامیاب ہوں گے۔
وزیر دفاع کا کہنا تھا بھارت بڑے بڑے جہاز لے کر آیا جنہیں ہماری افواج نے پتنگوں کی طرح کاٹ کر رکھ دیے، جو قومیں اپنی تاریخ بھول جاتی ہیں تو تاریخ بھی انہیں بھول جاتی ہے، مودی اس وقت اپنے زخم چاٹ رہا ہے۔