18 مئی ، 2025
مسلم لیگ ن کے رہنما اور اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کا کہنا ہےکہ بھارت کے خلاف کامیابی ٹیم ورک سے ملی ہے اور ٹیم کو ہدایات نواز شریف نے دی تھیں۔
لاہور میں تقریب سے خطاب میں ایاز صادق کا کہنا تھا کہ دشمن کو عبرت ناک شکست دینے میں ٹیم ورک کی کوششیں تھیں، جنگ میں نواز شریف کی ہدایت اور وزیراعظم شہباز شریف کی مشاورت شامل تھی، ہمارے جوانوں نے جانوں کے نذرانے دےکر پاکستان کو اس جنگ میں بھی محفوظ رکھا۔
ایاز صادق کا کہنا تھا کہ بھارتی جارحیت کے خلاف پورا پاکستان اپنی افواج کے ساتھ کھڑا ہوگیا، قومی اسمبلی میں بھی سب جماعتوں نے اتحاد کا مظاہرہ کیا۔
ایاز صادق نے کہا کہ ہماری بہادر افواج نے دنیا کو بتا دیا کہ ملکی دفاع بہت مضبوط ہے، مسلح افواج کے سربراہان کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، جنگ میں صرف اسلحہ کام نہیں آتا، دل گردہ بھی چاہیے۔