19 مئی ، 2025
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ روس اور یوکرین جنگ بندی کے لیے فوری طور پر مذاکرات شروع کریں گے۔
اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری کیے گئے بیان میں ٹرمپ نے کہا کہ ان کی روسی صدر پوتن سے ٹیلی فون پر 2 گھنٹے بات ہوئی جو ان کے خیال میں اچھی رہی۔
ٹرمپ نے لکھا کہ روس اور یوکرین سیز فائر کے لیے فوری بات چیت شروع کردیں گے۔
انہوں نے کہا کہ زیادہ اہم روس یوکرین جنگ کا خاتمہ ہے، روس جنگ کے خاتمے کے بعد امریکا سے بڑے پیمانے پر تجارت کرنا چاہتا ہے۔
ٹرمپ نے کہا کہ یہ روس کے پاس روزگار اور وسائل پیدا کرنے کا اچھا موقع ہے، اسی طرح یوکرین بھی تعمیرِ نو کے عمل میں تجارت سے فائدہ حاصل کر سکتا ہے۔
ٹرمپ نے کہا انہوں نے یوکرینی صدرولادیمیر زیلنسکی سمیت یورپی کمیشن کی صدر اور فرانس، اٹلی، جرمنی اور فن لینڈ کے سربراہوں کو بھی پوتن سے ہوئی بات چیت سے آگاہ کیا۔
ٹرمپ نے کہا کہ پوپ لیو نے بھی امن مذکرات کی میزبانی کی پیشکش کی ہے۔