Time 21 مئی ، 2025
پاکستان

خضدار میں اسکول بس پر دہشتگرد حملہ، 3 طالبات سمیت 5 افراد شہید

خضدار میں زیرو پوائنٹ کے قریب اسکول بس کو دھماکے سے نشانہ بنایا گیا جس میں 3 طالبات سمیت 5 افراد  شہید اور متعدد زخمی ہو گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق بلوچستان کےعلاقےخضدار میں اسکول بس پر دہشتگرد حملہ کیا گیا، بزدلانہ حملے میں اسکول کے معصوم بچوں کی بس کونشانہ بنایا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق خضدار میں بزدلانہ حملےکی منصوبہ بندی دہشتگرد ریاست بھارت میں کی گئی، بلوچستان میں بھارتی پراکسیز نے اس بھیانک منصوبےکو انجام دیا، میدان جنگ میں ناکامی پربھارت بلوچستان اورکے پی میں پراکسیز سے دہشتگردی کروا رہا ہے۔

خضدار میں اسکول بس پر دہشتگرد حملہ، 3 طالبات سمیت 5 افراد شہید
فوٹو/ آئی ایس پی آر

سکیورٹی ذرائع نے تصدیق کی ہےکہ خضدار میں اسکول بس پر دہشتگرد حملے میں 3 طالبات شہید ہوئیں جن میں چھٹی جماعت کی ثانیہ سومرو، ساتویں جماعت کی حفظہ کوثر اور دسویں جماعت کی عیشا سلیم شامل ہیں جب کہ متعددحملے میں متعدد بچے بھی زخمی ہیں جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

بھارتی پراکسیز کالعدم بی ایل اے اور بی ایل ایف بھارت کے ایما پر معصوم بچوں کو نشانہ بنارہی ہیں: وزیراعلیٰ بلوچستان

دوسری جانب وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے بتایا کہ شہدا میں بس ڈرائیور اور ہیلپر شامل ہیں جب کہ شدید زخمیوں کو ائیر لفٹ کرکے سی ایم ایچ کوئٹہ منتقل کردیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ آج بزدل دہشتگردوں نے خضدار میں اسکول بس پر کاربم حملہ کیا ہے،  بھارتی پراکسیز کالعدم بی ایل اے اور بی ایل ایف بھارت کے ایما پر معصوم بچوں کو نشانہ بنارہی ہیں، آج کے حملے میں ملوث دہشتگردوں کو چُن چُن کر جہنم واصل کیا جائے گا۔

ڈپٹی کمشنر خضدار کا کہنا ہے کہ دھماکے میں 35 بچے زخمی ہوئے ہیں جنہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔

سی ایم ایچ انتظامیہ کے مطابق خضدار دہشتگردحملے کے 14زخمی سی ایم ایچ کوئٹہ منتقل کیے گئے ہیں جن میں ایک خاتون، ایک مرد اور 12بچے شامل ہے جب کہ بعض کی حالت تشویشناک ہے۔

مزید خبریں :