21 مئی ، 2025
پاکستانی اداکار و ہدایتکار یاسر حسین کا کہنا ہے کہ نادیہ خان نے ان دنوں بھارتی نیوز اینکر ارناب گوسوامی کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
اداکارہ و میزبان نادیہ خان نے حال ہی میں یاسر حسین کی ہدایتکاری میں بننے والے ڈرامہ سیریل پر تنقید کی ہے۔
نادیہ خان آج کل میزبانی سمیت ایک نجی ٹی وی چینل کے شو میں بطور جج کردار ادا کررہی ہیں، نادیہ خان ساتھی اداکاراؤں روبینہ اشرف اور مرینہ خان کے ساتھ آن ائیر ڈراموں پر اپنی رائے دیتی ہیں۔
تاہم نادیہ نے یاسر حسین کی ہدایتکاری میں بننے والے ڈرامے پر حال ہی میں اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے اسے 4 نمبر اور ہدایتکاری کو 0 نمبر دیے ہیں۔
نادیہ کی یاسر کے ڈرامہ سیریل پر دی گئی رائے سے متعلق ویڈیو وائرل ہوئی تو اداکار یاسر حسین نے اداکارہ کی تنقید کا جواب اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں دیا۔
یاسر نے نادیہ کی ویڈیو انسٹاگرام پر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’میں نادیہ کے پورے کیرئیر کی اداکاری کو 1.5 نمبر دیتا ہوں اور میزبانی کو 2.5 نمبر دیتا ہوں، باقی آج کل نادیہ خان ارنب گوسوامی سے 10 نمبر آگے ہیں۔‘
یاسر حسین کا کہنا ہے کہ ’ٹھنڈی سانس لیں، نمبرز سے کچھ نہیں ہوتا ہے‘۔
واضح رہے کہ نجی ٹی وی چینل پر نشر ہونے والے ڈرامہ سیریل میں یاسر حسین کی اہلیہ، اداکارہ اقراء عزیز اداکار شجاع اسد کے مدِ مقابل مرکزی کردار ادا کر رہی ہیں۔