Time 21 مئی ، 2025
پاکستان

جنگ میں اسرائیل نے بھارت کی خوب مدد کی، جنگ سے قبل اسرائیل کے 150 تربیت یافتہ لوگ بھارت پہنچے: وزیراعظم

جنگ میں اسرائیل نے بھارت کی خوب مدد کی، جنگ سے قبل اسرائیل کے 150 تربیت یافتہ لوگ بھارت پہنچے: وزیراعظم
سری نگر سمیت دیگر مقامات پر بھارت نے اسرائیلی ہتھیار استعمال کیے، جنگ میں کسی کی جیت ہوتی ہے تو ایک کی ہار ہوتی ہے: شہباز شریف— فوٹو:فائل

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ جنگ کے دوران اسرائیل نے بھارت کی خوب مدد کی اور جنگ سے قبل اسرائیل کے ڈیڑھ سو تربیت یافتہ لوگ بھارت پہنچے۔

سینیئر صحافیوں سے گفتگو میں شہبازشریف کا کہنا تھاکہ آرمی چیف کو فیلڈ مارشل بنانے کا فیصلہ میرا تھا اور کوئی بھی فیصلہ کرنے سے پہلے میں نوازشریف سے بھی مشاورت کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ جنگ میں کسی کی جیت ہوتی ہے تو ایک کی ہار ہوتی ہے، جنگ مستقل حل نہیں دیرپا امن ہی محفوظ مستقبل کی ضمانت ہے، پاکستان اور بھارت کے درمیان جب بھی دہشت گردی سے متعلق مذاکرات ہوئے دونوں قومی سلامتی کے مشیر کریں گے۔

ان کا کہنا تھاکہ جنگ کے دوران اسرائیل نے بھارت کی خوب مدد کی، جنگ سے قبل اسرائیل کے ڈیڑھ سو تربیت یافتہ لوگ بھارت پہنچے اور سری نگر سمیت دیگر مقامات پر بھارت نے اسرائیلی ہتھیار استعمال کیے۔

وزیراعظم کا کہنا تھاکہ بات چیت کے دوران پاکستان کی جانب سے چار اہم نکات شامل ہوں گے اور بھارت سے کشمیر، پانی، تجارت اور دہشت گردی کے حوالے سے بات ہوگی لیکن بھارت کسی بھی تیسرے ملک کی مذاکرات میں شرکت پر آمادہ نہیں، تیسرے ملک میں بات چیت کرنے کا فیصلہ اچھا ہوسکتا ہے۔

مزید خبریں :