21 مئی ، 2025
ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 10 کے پہلے کوالیفائر میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو شکست دیکر فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے 210 رنز کے ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم 20 ویں اوور میں 179 رنز پر ڈھیر ہوگئی اور یوں اسے 30 ر نز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
کوئٹہ کی جانب سے اننگز کا آغاز سعود شکیل اور فن ایلن نے کیا تاہم ابتدا میں ہی سعود آؤٹ ہوگئے، اس کے بعد فن ایلن اور رائیلی روسو نے 44 رنز کا اضافہ کیا اور روسو 16 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ حسن نواز 6 رنز اور فن ایلن 41 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
دنیش چندی مل اور فہیم اشرف کی جارحانہ اننگز کی بدولت کوئٹہ نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 209 رنز بنائے۔
دنیش چندی مل 48 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ فہیم اشرف نے 45 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کے بین ڈی وارشیوس اور سلمان ارشاد نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے 210 رنز کے ہدف کے جواب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی پہلی وکٹ ایلکس ہیلز کی گری جو بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔
پھر صاحبزادہ فرحان اور وین ڈر ڈیوسن نے 71 رنز کی شراکت لگائی تاہم وین ڈر ڈیوسن 35 اور صاحبزادہ فرحان 52 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے، اس کے بعد کپتان شاداب خان 16 رنز بنا کر کیچ تھما بیٹھے۔
سلمان آغا نے 44 رنز بنائے جس کے بعد کوئی بیٹر وکٹ پر نہ ٹک سکا اور اسلام آباد یونائیٹڈ کی پوری ٹیم آخری اوور میں 179 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔
30 رنز کی فتح کے ساتھ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ایونٹ کے فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔ کوئٹہ کے عثمان طارق نے تین، محمد عامر، وسیم جونیئر اور فہیم اشرف نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔
خیال رہے کہ ایونٹ میں کل ایلیمنیٹر میچ میں لاہور قلندرز کا مقابلہ کراچی کنگز سے ہوگا اور میچ کی فاتح ٹیم کوالیفائر 2 میں اسلام آباد یونائیٹڈ کا سامنا کرے گی۔