Time 22 مئی ، 2025
جرائم

خیبر پختونخوا میں رواں سال کے پہلے 4 ماہ کے دوران 116 خواتین قتل ہوئیں

خیبر پختونخوا میں رواں سال کے پہلے 4 ماہ کے دوران 116 خواتین قتل ہوئیں
فوٹو: فائل

خیبر پختونخوا میں رواں سال کے پہلے 4 ماہ کے دوران گھریلو جھگڑوں، دیرینہ دشمنیوں اور دیگر تنازعات کے باعث 116 خواتین قتل ہوئیں۔

جیو نیوز کو موصول پولیس رپورٹ کے مطابق خیبر پختونخوا میں جنوری سے اپریل 2025 کے دوران 116 خواتین کو قتل کیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق خواتین کو گھریلو جھگڑوں، دیرینہ دشمنیوں اور دیگر تنازعات کے باعث موت کے گھاٹ اتارا گیا۔

خواتین کے قتل میں ملوث 147 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق مردان ڈویژن میں سب سے زیادہ 40 خواتین قتل ہوئے، مالاکنڈ ڈویژن میں 29 خواتین، پشاور ڈویژن میں 19 اور بنوں ڈویژن میں 13 خواتین کو قتل کیا گیا۔

ہزارہ ڈویژن میں قتل ہونے والے خواتین کی تعداد 8 جب کہ کوہاٹ ڈویژن میں 7 خواتین قتل ہوئیں۔

 آئی جی خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید نےکہا ہےکہ صنف نازک کے تحفظ کے لیے خصوصی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ تھانوں کی سطح پر وومن ڈیسک قائم کیے گئے ہیں تاکہ خواتین باآسانی اپنی شکایات درج کرا سکیں۔

آئی جی کے مطابق پشتون معاشرے میں خواتین کو ماں، بہن اور بیٹی کے روپ میں عزت دی جاتی ہے اور ان کے تحفظ کے لیے نہ صرف پالیسی اقدامات بلکہ عملی اقدامات بھی کئے جارہے ہیں۔

 آئی جے کے مطابق خواتین کے قتل میں ملوث تمام افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لایاگیا ہے۔

مزید خبریں :