23 مئی ، 2025
بنوں کی پولیس چوکی فتح خیل پر رات گئے عسکریت پسندوں نے بھاری ہتھیاروں سے حملہ کیا جس میں ایک اہلکار زخمی ہوگیا۔
ریجنل پولیس آفیسرسجاد خان کے مطابق پولیس چوکی فتح خیل پر رات گئےعسکریت پسندوں نے بھاری ہتھیاروں سےحملہ کیا ، تاہم پولیس کی بھرپور جوابی کارروائی کے بعد ملزمان فرار ہوگئے۔
پولیس کے مطابق اس موقع پر پولیس ٹیم کی قیادت کرنے آرپی او بنوں سجاد خان اور ڈی پی او سلیم عباس کلاچی اور ایس پی سی ٹی ڈی آپریشن کی قیادت کے لیے خود پہنچ گئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ عسکریت پسندوں کی فائرنگ سے ایک کانسٹیبل شدید زخمی ہوا جسے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے ۔
پولیس کے مطابق حملہ آوروں کی گرفتاری کےلیے الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔