Time 23 مئی ، 2025
دلچسپ و عجیب

پولیس اہلکاروں پر حملہ کرنے والی بلی گرفتار

پولیس اہلکاروں پر حملہ کرنے والی بلی گرفتار
پولیس اسٹیشن میں موجود بلی کو پولیس اہلکار ایک آنکھ نہ بھائے اور اس نے ڈیوٹی پر موجود کئی افسران پر حملہ کرتے ہوئے انہیں نوچ اور کاٹ لیا/ فوٹو غیر ملکی میڈیا

تھائی لینڈ میں پولیس اہلکاروں پر حملہ کرنے والی بلی کو گرفتار کرلیا گیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق پولیس نے بتایا کہ انہوں نے پولیس اہلکاروں پر حملہ کرنے والے ایک چھوٹے اور منفرد ملزم کو گرفتار کیا ہے۔

پولیس کے مطابق یہ واقعہ رواں ماہ 9 مئی کو پولیس اسٹیشن میں پیش آیا جہاں امریکی شارٹ ہیئر نسل سے تعلق رکھنے والی گمشدہ بلی 'نوب تانگ' کو ایک شہری لے کر آیا تھا، پولیس اسٹیشن میں بلی کا پرتپاک استقبال کیا گیا اور اس کی دیکھ بھال بھی کی گئی تاہم بلی کو پولیس اہلکار ایک آنکھ نہ بھائے اور اس نے ڈیوٹی پر موجود کئی افسران پر حملہ کرتے ہوئے انہیں نوچ اور کاٹ لیا۔

حملے کے بعد پولیس کی جانب سے بلی کو گرفتار کرکے تصاویر بھی لی گئیں، اس کے علاوہ پولیس کی جانب سے یہ تمام تر قصہ سوشل میڈیا پر پوسٹ کرتے ہوئے بلی کے مالک سے ضمانت کروانے کا بھی کہا گیا۔

پولیس نے بتایا کہ ایک دن بعد بلی کا ملک اپنے پالتو جانور کو لینے پولیس اسٹیشن پہنچ گیا اور بلی اس کے حوالے کردی گئی۔

مزید خبریں :