23 مئی ، 2025
کوپن ہیگن: ڈنمارک کی پارلیمنٹ نے ایک نیا قانون منظور کر لیا ہے جس کے تحت ملک میں ریٹائرمنٹ کی عمر کو بتدریج بڑھا کر 2040 تک 70 سال کر دیا جائے گا۔
برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق ریٹائرمنٹ کی عمر میں اس اضافے کے بعد ڈنمارک یورپ میں ریٹائرمنٹ کی سب سے زیادہ عمر والا ملک بن جائے گا۔
ڈنمارک میں 2006 سے ریٹائرمنٹ کی عمر کو متوقع اوسط عمر سے منسلک کر دیا گیا تھا اور ہر پانچ سال بعد اس میں نظر ثانی کی جاتی ہے۔
اس وقت ڈنمارک میں ریٹائرمنٹ عمر 67 سال ہے، جو 2030 میں 68 اور 2035 میں 69 سال ہو جائے گی۔
برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق ریٹائرمنٹ کی عمر میں تبدیلی کا قانون ان تمام افراد پر لاگو ہوگا جو 31 دسمبر 1970 کے بعد پیدا ہوئے ہیں۔ اس قانون کو پارلیمنٹ میں 81 ووٹوں کی حمایت اور 21 ووٹوں کی مخالفت کے ساتھ منظور کیا گیا۔
خیال رہے کہ یورپ کے مختلف ممالک میں ریٹائرمنٹ کی عمر مختلف ہے اور بہت سے ملکوں نے اوسط عمر میں اضافے اور بجٹ خسارے سے نمٹنے کے لیے حالیہ برسوں میں ریٹائرمنٹ کی عمر بڑھائی ہے۔
سویڈن میں پنشن لینے کی کم از کم عمر 63 سال ہے، اٹلی میں ریٹائرمنٹ کی عمر 67 سال ہے جبکہ برطانیہ میں بھی یہ عمر بتدریج بڑھ رہی ہے۔ فرانس میں بھی 2023 میں ریٹائرمنٹ کی عمر کو 62 سے بڑھا کر 64 سال کر دیا گیا تھا۔