24 مئی ، 2025
مقبوضہ کشمیر میں آپریشن بنیان مرصوص سے بھارت کو منہ توڑ جواب کے پوسٹرز آویزاں کردیے گئے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مقبوضہ جموں وکشمیر میں پوسٹر چسپاں کیے گئے جن میں پاکستانی پرچم، فیلڈ مارشل عاصم منیر اور رافیل سمیت بھارتی جنگی طیاروں کو مار گرانے والے J-10C لڑاکا طیارے کی تصاویر موجود ہیں۔
کشمیر میڈیا سروس نے بتایاکہ ”آپریشن بنیان مرصوص‘ کے سلسلے میں یہ پوسٹرز سری نگر اوردیگرعلاقوں میں دیواروں، ستونوں اور کھمبوں پر چسپاں کیے گئے۔
کشمیر میڈیا سروس کا کہنا ہے کہ پوسٹرز کے ذریعے مظلوم کشمیریوں کے ساتھ بھر پور اظہار یکجہتی اور ان کی جدوجہد کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا گیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق پوسٹروں میں لکھا ہے کہ ’پاکستان زندہ باد، بھارتی فوجی جارحیت پر پاکستان کے منہ توڑ جواب نے کشمیریوں کے دل جیت لیے ہیں، مکمل پیشہ ورانہ مہارت سے لیس پاکستان کی مسلح افواج تعریف کی مستحق ہیں، پاک افواج نے بھارتی فوجی صلاحیت کا پول کھول دیا‘۔
خیال رہے کہ پاکستان نے بھارتی حملوں پر 10 مئی کی رات آپریشن بنیان مرصوص لانچ کیا تھا اور دشمن کو بھاری نقصان پہنچایا تھا۔