25 مئی ، 2025
ماسکو: روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے ہیلی کاپٹر کو 20 مئی کو کرسک ریجن کے دورے کے دوران ایک بڑے یوکرینی ڈرون حملے کا سامنا کرنا پڑا۔
برطانوی اخبار کے مطابق روس کے فضائی دفاعی ڈویژن کے کمانڈر یوری داشکن نے روسی میڈیا کو انٹرویو کو دیتے ہوئے کہا کہ صدر کا ہیلی کاپٹر یوکرینی ڈرون حملے کے دوران تقریباً حملے کے مرکز میں تھا، حملے کے دوران روسی صدر کے ہیلی کاپٹر نے فضائی دفاعی لڑائی میں حصہ لیا اور یوکرینی ڈرونز بھی گرائے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ جیسے ہی ہیلی کاپٹر صدر پیوٹن کو لے کر کرسک ریجن کی فضا میں داخل ہوا تو ڈرون حملے کی شدت میں نمایاں طور پر اضافہ ہو گیا، ہم نے ایک ہی وقت میں فضائی دفاع کی لڑائی لڑی اور صدارتی ہیلی کاپٹر کی محفوظ پرواز کو بھی یقینی بنایا۔
یوری داشکن کے مطابق تمام فضائی اہداف کو تباہ کر دیا گیا اور یوکرینی حملہ ناکام بنایا گیا۔
خبررساں ایجنسی کے مطابق صدر پیوٹن نے 20 مئی کو کرسک کا دورہ کیا تھا جہاں انہوں نے مقامی رضاکاروں، میونسپل حکام اور عبوری گورنر سے ملاقات کی۔