29 مئی ، 2025
امریکی شہر منیاپولس سے اڑان بھرنے والی پرواز دلچسپ واقعے کی وجہ سے 2 بار تاخیر کا شکار ہوگئی۔
خبر ایجنسی کے مطابق ڈیلٹا ائیر لائنز کی پرواز نے مسافروں کو منیاپولس سے لے کر ریاست وسکونسن کے شہر میڈیسن جانا تھا تاہم جہاز میں 2 ایسے مسافر سوار ہوگئے جن کے بارے میں کسی نے سوچا نہ تھا۔
خبر ایجنسی کا بتانا ہےکہ ڈیلٹا ائیر لائنز کی پرواز میں 2 کبوتر بھی سوار ہوگئے جو جہاز میں اِدھر اُدھر اڑتے رہے جب کہ پرندے کیبن کے آس پاس بھی نظر آئے۔
مسافر کے مطابق ایک کبوتر کو اڑان سے قبل ہی ریسکیو کرلیا گیا تھا تاہم دوسرا کبوتر اڑان بھرنے کے بعد اچانک سے نکل آیا اور جہاز میں اڑنے لگا جس کے بعد جہاز کو دوبارہ زمین پر لینڈ کروایا گیا۔
اس حوالے سے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو بھی وائرل ہورہی ہے جس میں ایک مسافر کو اپنی جیکٹ کی مدد سے کبوتر کو پکڑتے دیکھا جاسکتا ہے۔
ڈیلٹا ائیر لائنز نے ایک بیان میں کہا کہ پرواز 56 منٹ تاخیر کا شکار ہوئی تاہم انتظامیہ نے تاخیر پر مسافروں سے معذرت بھی کی۔