29 مئی ، 2025
پاکستان کی سپر اسٹار اداکارہ ماہرہ خان نے بالی وڈ کنگ شاہ رخ کے ساتھ کی گئی فلم اور بالی وڈ میں کام کے تجربے سے متعلق کیا گیا سوال نظر انداز کردیا۔
ماہرہ خان اداکار ہمایوں سعید کے ہمراہ ان دنوں اپنی نئی آنے والی فلم ’ لوگرو ‘ کی پروموشن میں مصروف ہیں جب کہ حال ہی میں ماہرہ اور ہمایوں سعید نے دبئی میں منعقدہ مداحوں سے ملاقات کے سیشنز میں شرکت کی۔
دوران پریس کانفرنس ایک صحافی نے ماہرہ خان سے شاہ رخ خان کے ساتھ کام کرنے کے تجربے اور’ لو گرو‘ سمیت پاکستانی فلموں کی کوالٹی پروڈکشن سے متعلق سوال کیا۔
صحافی کے سوال پر ماہرہ نے کہا کہ ’وہ تو کافی پرانی بات تھی، آپ کو اب مجھ سے ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ ‘ کے بارے میں پوچھنا چاہیے تھا۔
ماہرہ خان نے کہا کہ ’ مولا جٹ جیسی پروڈکشن کا لیول پورے برصغیر میں کہیں نہیں ملتا، یہ فلم کسی بھی دوسری انٹرنیشنل فلم کی طرح شاندار پروڈکشن کے تحت تیار کی ، میرا خیال ہے کہ ہم دن بدن بہتری کی جانب گامزن ہیں، میرا نہیں خیال یہاں ہمارا کسی سے موازنہ ہونا چاہیے‘۔
واضح رہے کہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران بھارت نے پاکستانی فنکاروں پر پابندی لگاتے ہوئے ان کے میوزک البم سے تصاویر بھی ہٹا دی ہیں۔