Time 29 مئی ، 2025
کاروبار

فیڈرز بند کرکے ریکوری کرنا اخلاقی ہے نہ ہی قانونی، نیپرا کا کے الیکٹرک کو خط

فیڈرز بند کرکے ریکوری کرنا اخلاقی ہے نہ ہی قانونی، نیپرا کا  کے الیکٹرک کو خط
فوٹو: فائل

اسلام آباد: کراچی میں طویل لوڈشیڈنگ پر نیپرا نے کے الیکٹرک کو خط لکھ دیا۔

نیپرا کی جانب سے لکھے گئے خط میں کے الیکٹرک کو بہتری کے فوری اور مؤثر اقدامات  کرنے کی سخت ہدایت کی گئی ہے۔

خط میں کھا گیا ہے کہ کراچی کے شہریوں کو بلا تعطل بجلی کی فراہمی یقینی بنائی جائے، نیپرا کو کراچی میں طویل لوڈشیڈنگ پربڑی تعداد میں شکایات موصول ہوئیں، کراچی کے کئی علاقوں میں بجلی کی بندش 12 گھنٹے سے تجاوز کرگئی، لوڈشیڈنگ کی انفرادی شکایات ڈھائی سے 3 گھنٹے کی بندش کی ہیں۔

نیپرا کی جانب سے کہا گیا ہے کہ شدید گرمی کی لہر میں طویل لوڈشیڈنگ شہریوں کے لیے مشکل بن گئی ہے، لوڈشیڈنگ سے تجارتی سرگرمیوں اور معیشت پربھی منفی اثرات مرتب ہورہے ہیں۔

نیپرا نے خط میں کہا کہ کے الیکٹرک کی کارکردگی مسلسل گراوٹ کا شکار ہے، بجلی کی ترسیل اور تقسیم میں نقصانات بڑھنا اورکم ریکوری نجکاری کے مقاصد کو دھچکا ہے۔

خط میں کہا گیا کہ سستی بجلی خریدنے کے باوجود کے الیکٹرک نے صارفین کو کوئی ریلیف نہیں دیا، نیشنل گرڈ سے 1600 میگاواٹ بجلی دستیاب ہے لیکن کے الیکٹرک مکمل فائدہ نہیں اٹھارہا، کے الیکٹرک کچھ پلانٹس جزوی صلاحیت پرچلارہا ہے اور ساتھ لوڈشیڈنگ بھی جاری ہے، یہ سب کے الیکٹرک کی ناقص منصوبہ بندی کی عکاسی کرتا ہے۔

نیپرا نے کہا کہ ترسیلی نقصانات کم کرنا اور ریکوری بہتربنانا کے الیکٹرک کی بنیادی ذمہ داری ہے، فیڈرز بند کرکے ریکوری کرنا اخلاقی ہے نہ ہی قانونی۔

خط میں کہا گیا ہے کہ نیپرا پہلے بھی کے الیکٹرک پرغیر  منصفانہ لوڈشیڈنگ پرجرمانہ کرچکا ہے، کے الیکٹرک نے اصلاحی اقدامات کے بجائے رعایت حاصل کرنے کی روش اپنائی، لوڈشیڈنگ کا خاتمہ، نقصانات میں کمی اور ریکوری میں بہتری ترجیح بنائی جائے۔

نیپرا نے کہا کہ گزشتہ کئی ماہ سے ایف سی اے منفی رہا، صارفین کے بلوں میں نمایاں کمی ہوئی، بلوں کی عدم ادائیگی کی وجہ ایف سی اے کو قرار دینا غلط ہے، نیپرا کی توقع ہے کہ کے الیکٹرک فوری اصلاحی اقدامات کرے گا۔

مزید خبریں :