30 مئی ، 2025
اسلام آباد: بانی پی ٹی آئی کے وکیل فیصل چوہدری نے کہا ہےکہ اس وقت اسٹیبلشمنٹ یا حکومت کی کوئی مجبوری نظرنہیں آتی کہ وہ بانی پی ٹی آئی سے بات کریں اور اگر وہ بات کریں گے بھی تو اپنی شرائط پر کریں گے۔
بانی پی ٹی آئی عمران خان سے اڈیالہ جیل میں ملاقات کرنے والے فیصل چوہدری نے پروگرام آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ میں گفتگو کی۔
انہوں نے کہا کہ حقیقت ہےکہ پاک فوج کی ہندوستان کے خلاف جیت کےبعد انتشار کی کیفیت ختم ہوگئی ہے، جنگ سے پہلے اور بعد کی صورتحال میں زمین آسمان کا فرق ہے، پی ٹی آئی کو اپنے بانی کی رہائی کے لیے جذبات کے بغیر سیاسی حکمت عملی بنانی پڑے گی۔
فیصل چوہدری کا کہنا تھاکہ سیاسی حکمت عملی نہ ہونے کا بھی بانی پی ٹی آئی کو بہت نقصان ہواہے، جوپارٹی قیادت باہربیٹھی ہے، انہوں نے سیاسی اپروچ نہ اپنائی تو بانی کی قیدطویل ہوسکتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وکٹ کے دونوں طرف کھیلنے سے متعلق بھی بانی کا اشارہ موجودہ قیادت کی طرف تھا، 9 مئی کے مقدمات میں 40 دن میں سزائیں اور فوری نااہلیاں ہوں گی جس سےسیاسی نقشہ بدل جائےگا۔