Time 30 مئی ، 2025
پاکستان

پاکستان کو بڑی عالمی طاقتوں کے ساتھ باہمی مفاد پر مبنی تعلقات استوار کرنے ہونگے: علی جہانگیر صدیقی

پاکستان کو بڑی عالمی طاقتوں کے ساتھ باہمی مفاد پر مبنی تعلقات استوار کرنے ہونگے:  علی جہانگیر صدیقی
فائل فوٹو۔

ییل یونیورسٹی میں پہلی بار پاکستان کانفرنس کا انعقاد ہوا جہاں علی جہانگیر صدیقی نے امریکی پالیسی میں سمندر پار پاکستانیوں کے کردار پر روشنی ڈالی۔

 ییل یونیورسٹی میں منعقدہ پہلی 'آئیوی فیوچر آف پاکستان کانفرنس' میں ہارورڈ، کارنیل، اور پرنسٹن سمیت دیگر آئیوی لیگ اداروں کے طلباء، ماہرین تعلیم، پالیسی سازوں اور سفارت کاروں نے شرکت کی۔ 

اس کانفرنس کا مقصد عالمی سفارت کاری میں پاکستان کے اہم کردار کو اجاگر کرنا اور امریکی معاشرے میں پاکستانی نژاد تارکین وطن کی نمایاں خدمات کو تسلیم کرنا تھا۔

اس کانفرنس میں امریکا میں پاکستان کے سابق سفیر علی جہانگیر صدیقی سمیت کئی نامور شخصیات نے خطاب کیا اور  اس کے علاوہ خارجہ پالیسی کے ماہرین کے ایک پینل نے بین الاقوامی شراکت داریوں پر سیر حاصل گفتگو کی۔

پاکستان کے سفارتی تعلقات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے جہانگیر صدیقی نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کو اپنی سفارتی حکمت عملی کو ٹھوس شراکتوں کے گرد مرکوز کرنا چاہیے، جن میں سپلائی چین میں شراکت داری اور انسداد دہشت گردی میں تعاون شامل ہے۔

 انہوں نے واضح کیا کہ یہ دونوں عناصر دوطرفہ تعلقات کو مستحکم رکھنے کے لیے ناگزیر ہیں اور  پاکستان کو اپنی بین الاقوامی ساکھ کو بہتر بنانے کے لیے بڑی عالمی طاقتوں کے ساتھ باہمی مفاد پر مبنی تعلقات استوار کرنے ہوں گے۔

علی جہانگیر صدیقی نے پاکستانی نژاد امریکیوں کی سفارتکاری اور حکومتی امور میں زیادہ شمولیت کی ضرورت پر زور دیا۔ 

انہوں نے حالیہ برسوں میں پاکستانی نژاد افراد کے میئرز اور ریاستی سینیٹرز کے طور پر منتخب ہونے کو ایک اہم پیش رفت قرار دیا، تاہم انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ مستقل اور مؤثر شمولیت نہایت ضروری ہے۔

علی جہانگیر صدیقی نے کہا کہ، "یہ بات اس امر کو یقینی بنانے سے متعلق ہے کہ پاکستانی نژاد امریکی شہری ان فیصلوں میں اپنی آواز بلند کریں جو ان کی زندگیوں پر براہِ راست اثر انداز ہوتے ہیں۔"

یہ کانفرنس نہ صرف پاک، امریکا تعلقات کو بہتر بنانے کے لیے ایک مثبت قدم تھی بلکہ اس نے سمندر پار پاکستانیوں کی مشترکہ خدمات اور کردار کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے میں بھی اہم کردار ادا کیا۔

مزید خبریں :