Time 31 مئی ، 2025
دنیا

بھارتی فوج کی پہلی بار پاک فضائیہ کےہاتھوں لڑاکا طیاروں کی تباہی کی تصدیق

بھارتی فوج کی پہلی بار پاک فضائیہ کےہاتھوں لڑاکا طیاروں کی تباہی کی تصدیق
بھارتی چیف آف ڈیفنس اسٹاف کا کہنا تھا ہم نے جھڑپوں میں تکنیکی غلطیاں کیں جس کا ادراک ہے۔ فوٹو فائل

بھارتی فوج نے پہلی بار حالیہ جنگ میں پاک فضائیہ کے ہاتھوں لڑاکا طیاروں کی تباہی کی تصدیق کر دی۔

امریکی جریدے بلوم برگ کو انٹرویو میں بھارتی چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل انیل چوہان کا کہنا تھا پاکستان کے ساتھ جھڑپوں میں لڑاکا طیارے کھوئے۔

پاکستان کے ہاتھوں 6 بھارتی طیارے گرائے جانے سے متعلق سوال پر بھارتی فوج کے جنرل انیل چوہان نے طیاروں کی تعداد بتانے سےگریز کرتے ہوئے کہا کہ یہ اہم نہیں، ہمارے لیے اہم یہ ہے کہ وہ گرے کیوں۔

بھارتی چیف آف ڈیفنس اسٹاف کا کہنا تھا ہم نے جھڑپوں میں تکنیکی غلطیاں کیں جس کا ادراک ہے، اہم بات یہ ہے کہ بھارتی طیارے کیوں گرے، تکنیکی غلطیاں درست کرنے کے بعد طیاروں نے طویل ہدف کو نشانہ بنایا۔

خیال رہے کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کے سیاحتی مقام پہلگام پر ہونے والے حملے کو جواز بنا کر پہلے پاکستان کے خلاف آبی جارحیت کرتے ہوئے یکطرفہ طور پر سندھ طاس معاہدے کو معطل کیا اور پھر 6 اور 7 مئی کی درمیانی شپ پاکستان اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں پر  میزائل داغے جس کا پاکستانی فوج نے بھرپور جواب دیا۔

بھارت نے 10 مئی کو ایک بار پھر پاکستان کے نور خان ائیر بیس اور رحیم یار خان ائیر پورٹ پر میزائلوں سے حملے کیے جس کا پاکستان نے بھرپور جواب دیتے ہوئے بھارت کے خلاف آپریشن بنیان مرصوص شروع کیا جس میں بھارت کے 3 رافیل طیاروں سمیت 6 لڑاکا طیارے گرائے اور آدم پور اور ادھم پور سمیت کئی ائیر فیلڈز اور ایمونیشن ڈپوز کو تباہ کردیا۔

پاکستان کی جانب سے بھرپور جوابی کارروائی کے بعد بھارت کو اپنی شکست نظر آنے لگی تو بھارت نے امریکا اور دیگر اتحادیوں سے جنگ بندی کی درخواست کی جس کے بعد دونوں ممالک کے سیز فائر ہوئی۔

مزید خبریں :