01 جون ، 2025
تین ٹی 20 میچوں کی سیریز کے آخری میچ میں پاکستان نے بنگلادیش کو 7 وکٹ سے ہرا کر کلین سوئپ کردیا۔
لاہور میں کھیلےگئے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔
بنگلادیش نے پہلےکھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹ کے نقصان پر 196 رنز بنائے۔
بنگلادیش کا آغاز شاندار رہا، پرویزحسین اور تنزید حسن نے 110 رنز کی انتہائی مستحکم بنیاد رکھی۔تنزید 42 اور پرویز 66 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، لیکن اس کے بعد آنے والے بیٹرز بڑا اسکور نہ بناسکے۔
لٹن داس نے 22 اور توحید ہری دوئے نے 25 رنز بنائے، بنگلا دیش کا اسکور 6 وکٹ پر196 رنز رہا۔
پاکستان کی جانب سے حسن علی نے 38 رنز کے عوض 2 وکٹیں حاصل کیں، عباس آفریدی نے 26 رنز دے کر دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ۔
197 رنز کے تعاقب میں صاحبزادہ فرحان تو پہلے ہی اوور میں آؤٹ ہوگئے لیکن پھر محمد حارث نے صائم ایوب کے ساتھ رنز بڑھائے،صائم نے چار چھکے لگائے اور 29 گیندوں پر 45 رنز بنائے۔
پھر حسن نواز آئے اور انہوں نے بھی 13 گیندوں پر 26رنز جڑ دیے ۔ دوسری جانب سے محمد حارث چھکے چوکے لگاتے رہے اور رنز بڑھاتے رہے ۔ حارث نے کرئیر کی پہلی سنچری اسکور کی، وہ پاکستان کی جانب سے اوپنرز کے علاوہ ٹی ٹوئنٹی میں سنچری بنانے والے پہلے بیٹربھی بن گئے۔
پاکستان نے ہدف اٹھارہویں اوور میں تین وکٹ پر پورا کردیا اور تین میچز کی سیریز میں کلین سوئپ مکمل کیا۔ محمد حارث 107 رنز اور سلمان آغا15 رنز بنا کرناٹ آؤٹ رہے۔