02 جون ، 2025
کراچی کے مختلف علاقوں میں ایک بار پھر زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔
زلزلے کے جھٹکے ملیر، لانڈھی، قائدآباد میں محسوس کیے گئے۔
زلزلے کے باعث شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور وہ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے۔اس کے علاوہ مساجد میں اذانیں بھی دی گئی ہیں۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق کراچی میں رات ایک بج کر 6 منٹ پر زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، زلزلے کی شدت 3.2 ریکارڈ کی گئی۔
زلزلے کا مرکز گڈاپ ٹاؤن کے قریب تھا، زلزلے کی گہرائی 12 کلو میٹر تھی۔
اس سے قبل کراچی میں اتوار کی شام 5 بج کر 33 منٹ پر 3 اعشاریہ 6 شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئےتھے ۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کا مرکز قائد آباد کے قریب تھا، جس کی گہرائی 10 کلومیٹر تھی۔
زلزلے سے فی الحال کسی قسم کے جانی و مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔