02 جون ، 2025
جرمنی کے ڈیفنس چیف جنرل کارسٹن بریور کا کہنا ہے کہ مغربی فوجی اتحاد نیٹو میں شامل ممالک کو اگلے 4 سال میں روس کے ممالک حملے کے لیے تیار رہنا چاہیے۔
برطانوی نشریاتی ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے جنرل کارسٹن بریور کا کہنا تھا روس ہر سال سینکڑوں ٹینک تیار کر رہا ہے جس میں سے کچھ 2029 یا اس سے پہلے نیٹو میں شامل بالٹک ممالک پر حملے کے لیے استعمال ہو سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نیٹو میں شامل ممالک ہنگری اور سلوواکیہ کی جانب سے یوکرین میں جنگ کے حوالے سے اختلاف رائے کے باوجود متحد ہیں۔
جنرل کارسٹن کا کہنا تھا نیٹو کو اس وقت شدید خطرات لاحق ہیں، ایسے خطرات جو میں نے اپنی 40 سالہ سروس میں نہیں دیکھے، روس اپنی فورسز کی طاقت کو بہت بڑے پیمانے پر بڑھا رہا ہے اور ہر سال 1500 جنگی ٹینک تیار کر رہا ہے اور روس کا ہر ٹینک یوکرین کے خلاف جنگ میں نہیں جا رہا۔
جرمن ڈیفنس چیف نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا اسی طرح روس نے 2024 میں 152 ایم ایم کے 40 لاکھ آرٹلری میونیشن تیار کیے جو سارے یوکرین کے خلاف جنگ میں استعمال نہیں ہو رہے، یہ سب ذخیرہ نیٹو پر ممکنہ حملے کے لیے تیار کیا جا رہا ہے۔