02 جون ، 2025
سوشل میڈیا پر گردش کرتی ایک ویڈیو میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ پاکستانی اداکارہ ہانیہ عامر برازیل میں اسکائی ڈائیونگ کے دوران موت کے منہ میں چلی گئیں۔
دعویٰ غلط ہے۔
12 مئی کو ایک بھارتی انسٹاگرام اکاؤنٹ نے ایک مختصر ویڈیو پوسٹ کی جس میں ایک خاتون کو اسکائی ڈائیونگ کے دوران بیلٹ ٹوٹنے کے بعد کھائی میں گرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ ویڈیو پر لکھا گیا ہے: ”پاکستانی اداکارہ ہانیہ عامر کی حادثاتی موت“۔
اس آرٹیکل کے شائع ہونے تک اس پوسٹ کو تقریباً 74 لاکھ بار دیکھا جا چکا تھا۔
یہ ویڈیو اس کے بعد سے سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمز پر بڑے پیمانے پر شیئر کی جا چکی ہے۔
ویڈیو میں نظر آنے والی خاتون پاکستانی اداکارہ ہانیہ عامر نہیں ہیں۔ یہ ویڈیو برازیل میں کیے گئے ایک اسٹنٹ کو دکھاتی ہے، نہ کہ کسی حادثے یا موت کو۔
جیو فیکٹ چیک نے ویڈیو کے کی فریمز (key frames) کا تجزیہ کیا اور اس کا سراغ ایک اصل پوسٹ تک لگایا جو 21 اپریل کو برازیلین-اطالوی ایتھلیٹ اور کانٹینٹ کریئیٹر لُوئیزا فیراری (Luiza Ferrari ) کے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئر کی گئی تھی۔
وائرل کلپ لُوئیزا فیرا ری کی اسکائی ڈائیو ویڈیو کا ایڈٹ شدہ اور گمراہ کن ورژن ہے، جس میں وہ ایک کنٹرولڈ اسٹنٹ کرتی ہوئی نظر آتی ہیں۔ ویڈیو میں چھلانگ کے دوران وہ پہلے اپنی بیلٹ کھولتی ہیں اور پھر محفوظ طریقے سے پیراشوٹ کھولتی ہیں۔
یہاں Luiza Ferrari کی اصل پوسٹ ہے:
اس کے علاوہ، مائدہ عظمت، جو کہ Mint PR کی چیف آپریٹنگ آفیسر ہیں اور ہانیہ عامر کے میڈیا اور کمیونیکیشن کے معاملات کو دیکھتی ہیں۔ انہوں نے ان افواہوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا: ”وہ [ہانیہ عامر] بالکل خیریت سے ہیں اور معمول کے مطابق کام اور زندگی گزار رہی ہیں۔“
فیصلہ: وائرل اسکائی ڈائیونگ ویڈیو میں پاکستانی اداکارہ ہانیہ عامر کی حادثاتی موت کا دعویٰ غلط ہے۔ اصل ویڈیو میں برازیلین-اطالوی ایتھلیٹ لُوئیزا فیراری (Luiza Ferrari) کو دیکھا جا سکتا ہے۔
ہمیں X (ٹوئٹر) GeoFactCheck@ اور انسٹا گرام geo_factcheck@ پر فالو کریں۔ اگر آپ کو کسی بھی قسم کی غلطی کا پتہ چلے تو [email protected] پر ہم سے رابطہ کریں۔