03 جون ، 2025
سعودی عرب میں حج 2025 کی رونقیں آب وتاب سے جاری ہیں اور عازمین حج رواں حج سیزن میں سعودی حکومت کی جانب سے متعارف کروائی گئی نئی اور پرانی اسکیمز سے مستفید ہورہے ہیں۔
حج کے لیے سعودی عرب پہنچنے والے لاکھوں عازمین کے لیے کھانے کے انتظامات سب سے اہم اور خاص ذمہ داری ہے جسے معیار اور وقت دونوں کےساتھ نبھانا یقیناً ایک بہت بڑا ٹاسک ہے۔
العربیہ کی ایک رپورٹ کے مطابق رواں برس سعودی حکام نے عازمین حج کے فوڈ سروس آپریشن کے لیے 380 کیٹرنگ کمپنیوں سے کانٹریکٹ کیا ہے، ان سیکڑوں کمپنیوں کے ذمے حاجیوں کے لیے 12 ملین کھانے تیار کرنے کے انتظامات ہیں۔
رپورٹ کے مطابق تمام کیٹرنگ کمپنیوں کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ کھانے کے معیار کے لیے کوالٹی کنٹرول کے زیادہ اہتمام کی پابندی کریں، ان تمام سہولیات کا مقصد عازمین حج کو بہترین کھانا بہترین معیار کے ساتھ بروقت پیش کرنا ہے۔
اس حوالے سے کیٹرنگ کمپنیوں کے سربراہ ڈاکٹر ابراہیم السینی نے عرب میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ ’ تیاریاں مکمل عروج پر ہیں، سب اداروں نے حاجیوں کی خدمت کے لیے دن رات ایک کردیا ہے، مزدلفہ ، عرفات اور منیٰ میں حجاج کو کھانے اور ہر طرح کی سہولت کی بروقت فراہمی کی تیاریاں مکمل ہیں‘۔