03 جون ، 2025
کرکٹ کی تاریخ میں تاخیر سے ٹاس ہونے کا انوکھا واقعہ ہوا اور انگلینڈ کے خلاف میزبان ملک میں ون ڈے سیریز کھیلنے والی ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کی بس ٹریفک میں پھنسنے کے بعد 40 منٹ کی تاخیر سے اوول کرکٹ گراؤنڈ پہنچی۔
انٹرنیشنل کرکٹ کی تاریخ میں شاید پہلی بار ایسا ہوا ہے جب انٹرنیشنل میچ ٹریفک جام کی وجہ سے تاخیر سے شروع ہوا۔
لندن میں انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کے درمیان تیسرے ون ڈے میچ کیلئے ٹیمیں ٹریفک جام میں پھنس گئیں لیکن انگلش کھلاڑیوں نے اس کا توڑ نکالا اور موبائل کے ذریعے سائیکل سروس لی۔
جوز بٹلر، لیوک ووڈ اور ثاقب سمیت چند کھلاڑی سائیکلوں پر اوول کرکٹ گراؤنڈ پہنچ گئے لیکن ویسٹ انڈیز کی ٹیم بس وقت پر نہ پہنچ سکی بلکہ ٹاس کے آفیشل ٹائم کے بھی دس منٹ بعد اسٹیڈیم پہنچی۔
یہی وجہ تھی تیسرے ون ڈے انٹرنیشنل کا ٹاس 40منٹ تاخیر سے ہوا۔ شیڈول کے مطابق ٹاس مقامی وقت کے مطابق ساڑھے بارہ بجے ہونا تھا اور میچ ایک بجے شروع ہونا تھا، میچ میں انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ہے۔