05 جون ، 2025
جون کی دہکتی گرمی جھیلنے کے بعد ٹھنڈے پانی سے نہانے کا بھی اپنا ہی مزہ ہے لیکن اس کے باوجود بھی اکثر لوگ طبی فوائد کے تحت نیم گرم پانی سے نہانے کو ہی ترجیح دیتے ہیں۔
لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ ماہرین نیم گرم پانی کے ساتھ ساتھ ٹھنڈے پانی سے نہانے کے فوائد کو بھی تسلیم کرتے ہیں؟
طبی ماہرین کے مطابق خصوصاً ورزش کے بعد ٹھنڈے پانی سے نہانا آپ کو پرسکون، صحتیاب، حتیٰ کہ جسمانی طور پر بھی اچھا محسوس کروانے کیلئے بطور علاج کام کرسکتا ہے۔
عام نزلہ زکام کے خلاف قوت مدافعت بڑھائے
چند منٹ تک ٹھنڈے پانی سے لیا گیا شاور وائٹ بلڈ سیلز کی پیداوار کو بڑھا کر آپ کے مدافعتی نظام کو انفیکشن اور بیماریوں کے خلاف لڑنے میں مدد فراہم کرتا ہے۔
نیدرلینڈز میں کی گئی ایک تحقیق کے مطابق ایسے افراد جنہوں نے 90 دن تک 30، 60 یا 90 سیکنڈ تک ٹھنڈے پانی سے شاور لیا وہ ٹھنڈے پانی سے نہ نہانے والے افراد کے مقابلے 29 فیصد کم بیمار پڑے۔
ایک طبی مطالعہ میں شریک وہ شرکا جو کئی ماہ تک روزانہ ٹھنڈے پانی سے نہائے ان میں ڈپریشن کی علامات میں کمی رپورٹ کی گئی۔
ایک اور تحقیق سے پتا چلتا ہے کہ ٹھنڈا پانی انسانی مزاج کو خوشگوار کرسکتا ہے اور اس کی بے چینی کو کم کردیتا ہے۔
انسانی جسم ٹھنڈے پانی سے نہانے کے دوران گرم رہنے کی کوشش میں توانائی کااخراج کرتا ہے نتیجتاً کیلوریز ( معمولی مقدار میں )کم ہوجاتی ہیں اور میٹابولزم میں اضافہ ہوسکتا ہے۔
ٹھنڈا پانی شریانوں کو سکڑنے میں مدددیتا ہے، اس عمل کے دوران خون قدرتی طور پر آکسیجن اور غذائیت سے بھرپور ہو جاتا ہے، جیسے جیسے آپ کا جسم دوبارہ گرم ہوتا ہے، خون کی نالیاں پھیلتی ہیں اور آکسیجن والے خون کو آپ کے ٹشوز میں واپس لے آتی ہیں، یہ عمل آپ کے جسم کی سوزش کو دور کرنے اور پٹھوں کے درد کو کم کرنے میں بھی مدد دیتا ہے۔
ٹھنڈا پانی انسانی جلد کو ٹائٹ رکھنے اور کیل مہاسوں کو ختم کرنے میں معاون ہے۔
سائنسی ماہرین کے مطابق ٹھنڈے پانی سے نہانے سے بالوں کی صحت بھی اچھی ہوجاتی ہے اور بال چمکدار اور صحت مند ہوجاتے ہیں۔