Time 05 جون ، 2025
پاکستان

امن وخوشحالی کیلئے امریکن پاکستانی فعال ہوں، بلاول

امن وخوشحالی کیلئے امریکن پاکستانی فعال ہوں، بلاول
فوٹو:@PakinUSA

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین اور سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو  زرداری نے اس بات پر زور دیا ہےکہ جنوبی ایشیا میں امن اور پاکستان میں معاشی استحکام کےلیے امریکن پاکستانی کمیونٹی مزید فعال کردار  ادا کرے۔

بلاول بھٹو نے یہ بات پاکستانی سفارتخا نہ واشنگٹن ڈی سی میں استقبالیہ سے خطاب میں کہی۔

امریکا آئے 9 رکنی وفد کے اعزاز میں اس استقبالیہ کا اہتمام پاکستانی سفارتخانے نے کیا تھا جس میں امریکا بھر سے اہم کمیونٹی شخصیات بھی شریک ہوئیں۔

ایونٹ میں پاک امریکا تعلقات، علاقائی استحکام اور پاکستان امریکا تعلقات کو مضبوط بنانے میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے اہم کردار  پر بات چیت ہوئی۔

چیئرمین پیپلز پارٹی اور سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے امریکا میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی اہمیت کودونوں ممالک کے درمیان پل کے طور پر اجاگر کیا اور زور دیا کہ وہ امن اور خوشحالی کے مشترکہ مقصد میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں ۔

حالیہ پاک بھارت کشیدگی پر تبصرہ کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے پاکستان کے خلاف بھارتی جارحیت کے دفاع میں مسلح افواج کی بہادری کی تعریف کی اور عالمی سطح پر پاکستان کے مؤقف کو مؤثر طریقے سے پیش کرنےکے لیے پاکستانی سفارتی مشنوں کی کوشششوں کو سراہا۔

 پہلگام واقعہ کے شواہد پیش کیے بغیر پاکستان پر الزام اور حملے کا حوالہ دیتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ بھارت کا نظریہ شواہد پر نہیں بلکہ شبہات پر مبنی ہے۔

بلاول بھٹو  نےکہا کہ ہمارا مشن واضح ہے اور  یہ مشن مکالمے اور سفارت کاری کے ذریعے امن کا حصول ہے۔ عالمی برادری سے اپیل ہےکہ  وہ  اس کوشش میں ہمارا ساتھ دے کیونکہ  جنوبی ایشیا میں پائیدار  امن کا انحصار  جامع مکالمے پر ہے۔

علاقائی تعاون کی معاشی صلاحیت پر روشنی ڈالتے ہوئے سابق وزیر خارجہ نے کہا کہ ایک پرامن جنوبی ایشیا، جہاں بھارت اور پاکستان کے درمیان تجارت معمول پر آئے، تمام متعلقہ ممالک کے لیے بے پناہ فوائد کا باعث بنےگا۔

وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی  مصدق ملک نے بھارت کے علاقائی عزائم کے خطرات پر زور دیا۔ 

تقریب کے اختتام پر سفیرپاکستان رضوان سعید شیخ نے کہا کہ آپریشن بنیان مرصوص کا فلسفہ اس وقت مکمل ہوگا جب ہم معاشی میدان میں استحکام حاصل کریں گے۔

استقبالیہ میں شریک مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے امریکن پاکستانیوں نے بلاول بھٹو سے سوالات بھی کیے جن کا چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی نے مدلل جواب دیا۔

مزید خبریں :