Time 06 جون ، 2025
پاکستان

'پاکستان نے 6 بھارتی جہاز گرائے مگر بھارت پاکستان کا کوئی جہاز لاک کرکے فائر بھی نہ کرسکا'

پاکستان نے 6 بھارتی جہاز گرائے مگر بھارت پاکستان کا کوئی جہاز لاک کرکے فائر بھی نہ کرسکا
جس طرح بھارتی جہاز گرنے کی خبریں موصول ہوئیں تو شروع میں یقین کرنا مشکل تھا مگر پھر جہاز گرنے کا مقام بھی بتایا گیا تو خبر دی، شہزاد اقبال/ فائل فوٹو 

اسلام آباد:  اینکر پرنس اور تجزیہ کار شہزاد اقبال نے کہا ہے کہ حالیہ پاک بھارت جنگ میں  پاکستان نے 6  بھارتی جنگی جہاز گرائے مگر بھارت پاکستان کا کوئی جہاز لاک کرکے فائر بھی نہ کر سکا۔ 

جیو پوڈ کاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے شہزاد اقبال نے کہا کہ حالیہ بھارتی جارحیت کے جواب  میں پاکستان کا رسپانس کیلکیو لیٹڈ اور مضبوط تھاجبکہ  پاکستان نے جلد بازی میں رسپانس نہیں کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ائیرفورس کی صلاحیتوں کا  اندازہ تو تھا لیکن پاکستان نے جس طرح رافیل کے حملے کو ناکام بنایا تو یہ ہماری بڑی فتح تھی۔ 

ان کا کہنا تھا کہ میں نے ائیر فورس کے لوگوں سے پوچھا پاکستان کا بجٹ 9 بلین ڈالر ہے جبکہ انڈیا کا بجٹ 86 بلین ڈالر ہے تو اس طرح آپ کے پاس جو سکیورٹی ہے وہ انڈیا کے پاس بھی ہوگی تو انہوں نے مجھے جواب دیا ہمارا سسٹم بھارت سے زیادہ ایڈوانس ہے اور اسی کا حقیقی مظاہرہ ہم نے حالیہ جنگ میں دیکھا۔ 

شہزاد اقبال نے کہا کہ جب فضائی جنگ ہو رہی تھی تو ہمارے 40 جہاز تھے اورانڈیا کے 80 جہاز تھے مگر  ہماری ائیر فورس کی صلاحیتوں کے ساتھ یہ ایک معجزہ تھا کہ ناصرف ہمارا کوئی جہاز نہیں گرا بلکہ بھارتی ائیر فورس ہمارا کوئی جہاز لاک کرکے میزائل بھی فائر نہیں کر سکی جبکہ ہم نے انڈیا کے رافیل سمیت دیگر جہاز گرائے۔

شہزاد اقبال نے کہا کہ جس طرح بھارتی جہاز گرنے کی خبریں موصول ہوئیں تو شروع میں یقین کرنا مشکل تھا مگر ہمیں جہاں سے اطلاع ملی انہوں نے جگہ بھی بتائی کے یہاں جہاز گرے ہوئے ہیں اور یہ بہت خوشی کا لمحہ تھا کہ ہم نے بھارت کے رافیل سمیت دیگر جہاز گرائے۔

مزید خبریں :