08 جون ، 2025
سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی جانب سے حج کے لیے آئے مسلم رہنماؤں کے اعزاز میں ظہرانہ دیا گیا جس میں اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے بھی شرکت کی۔
اسپیکرقومی اسمبلی نے ظہرانے کے دوران سعودی ولی عہد سے ملاقات بھی کی۔
اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے پاکستان کی مسلسل حمایت پر سعودی ولی عہد کا شکریہ ادا کیا۔
ایاز صادق نے کہا کہ سعودی عرب نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے، سعودی قیادت کے پاکستان سے متعلق واضح مؤقف پرشکرگزارہیں۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پاکستان کے عوام خادم الحرمین الشریفین کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، توقع ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔