09 جون ، 2025
پیٹرول پمپ پر موٹر سائیکل سوار کو سگریٹ پینا مہنگا پڑگیا۔
یہ بات تو سب کو ہی معلوم ہے کہ پیٹرول پمپ پر فیول ڈلواتے ہوئے گاڑی کو بند کردینا چاہیے اور سگریٹ نوشی سے بھی گریز کرنا چاہیے۔
اس کیلئے تمام ہی پیٹرول پمپ پر لگے سائن بورڈ یا تصاویر کی مدد سے عوام کو آگاہی بھی دی جاتی ہے۔
تاہم کچھ لوگ ایسے بھی ہوتے ہیں جو احتیاطی تدابیر کا خیال نہیں رکھتے اور اپنے ساتھ ساتھ دوسروں کی زندگیوں کیلئے خطرے کی وجہ بنتے ہیں۔
ایسی ہی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہورہی ہے، جس میں دو افراد بائیک میں پیٹرول ڈلوانے پیٹرول پمپ پر آتے ہیں۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بائیک سوار ایک شخص نے پیٹرول ڈلواتے ہوئے سگریٹ پینے کیلئے لائٹر سے آگ لگائی جس پر پیٹرول بھرنے والے ملازم نے اپنی حاضر دماغی کا استعمال کیا۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ملازم نے فوری پیٹرول بھرنے کو روکا اور بائیک سوار شخص پر تھپڑوں کی بارش کردی، سوشل میڈیا پر یہ ویڈیو کافی وائرل ہو رہی ہے۔